|

وقتِ اشاعت :   April 26 – 2021

تربت:آج ہر صورت میں شٹرڈاؤن ہوگابارڈر ٹریڈ یونین کا اعلان، کسی صورت ہڑتال کا حصہ نہیں بنیں گے، دکاندار غیر ضروری ہڑتال کا حصہ نہ بنیں انجمن تاجران کا دکانداروں کو تنبیہ۔ ایرانی بارڈر کی بندش کے خلاف بارڈر ٹریڈ یونین کی کال پر آج تربت سمیت بلیدہ،زامران ہوشاپ اور ہیرونک میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال دی گئی ہے،

اس سلسلے میں بارڈر ٹریڈ یونین کے عہدہ داروں نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں مرحلہ وار احتجاجی شیڈول کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق آج 27 اپریل کو شٹرڈاؤن ہڑتال کی جائے گی جبکہ 29 اپریل کو ایم ایٹ شاہراہ ڈی بلوچ کے مقام پر بلاک کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے، دوسری جانب انجمن تاجران نے بارڈر ٹریڈ یونین کے ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے دکان داروں کو تنبیہ کی ہے

کہ وہ غیر ضروری احتجاج یا شٹرڈاؤن کا حصہ بننے سے گریز کرتے ہوئے اپنی دکانیں بند نہ کریں، انجمن تاجران کے ایک وفد نے حاجی کریم بخش کی سربراہی میں پیر کو ڈپٹی کمشنر کیچ سے ملاقات کرکے ان سے تعاون طلب کیا اور کہاکہ بزور فورس اگر کسی نے بازار بند کی تو دکان داروں کو تحفظ دیا جائے، ڈپٹی کمشنر کیچ نے آج کے ہڑتال کی ناکامی کے لیے انجمن تاجران کے مشورے پر شہر میں پولیس اور لیویز کی تعیناتی یقینی بنانے کے یقین دھانی کرادی۔ علاوہ ازیں انجمن تاجران میں پھوٹ پڑ گئی،

ایک دھڑے نے شاہ دوست دشتی کی سربراہی میں بارڈر ٹریڈ یونین کے ہڑتال کی حمایت کردی۔ بارڈر ٹریڈ یونین کی جانب سے آج کی شٹرڈاؤن ہڑتال کے حوالے سے انجمن تاجران دو حصوں میں تقسیم ہوگئی ہے،

حاجی کریم کی سربراہی میں جہاں انجمن تاجران نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کرکے انتظامیہ سے شٹرڈاؤن ناکام بنانے کے لیے تعاون طلب کررکھی وہاں معروف تاجر شاہ دوست دشتی کی سربراہی میں تاجروں کے ایک دھڑے نے ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے دکان داروں سے ہڑتال کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ بارڈر پورے مکران کا معاشی مسلہ ہے۔دوسری جانب آل پارٹیز کیچ کے علاوہ، نیشنل پارٹی کیچ، بی این پی عوامی اور تربت سول سوسائٹی نے بھی شٹرڈاؤن ہڑتال کی حمایت کا اعلان کررکھا ہے۔