|

وقتِ اشاعت :   October 22 – 2022

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ عمران خان 30 اکتوبر سے پہلے لانگ مارچ کی کال دیں گے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اللہ کے بعد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ ملکی خزانے کی محافظ ہے، عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس پر اليکشن کميشن کا فیصلہ مبہم اور غیر قانونی تھا۔

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان 30 اکتوبر سے پہلے لانگ مارچ کی کال دیں گے، عمران خان کو کہہ رہا ہوں کہ آر کرو یا پار کرو، لانگ مارچ کی کال دو،عمران خان 30 اکتوبر سے پہلے لانگ مارچ کی کال دیں گے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ انتشار اور عدم استحکام ملک کيلئے نقصان دہ ہوگا، نئے الیکشن ہی تمام مسائل کا حل ہيں، میں اپنے اداروں سے لڑائی کا حامی نہیں ہوں، پنڈی والوں کے ساتھ تعلقات میں صرف فاصلہ آیا ہے جوڈو کراٹے نہیں ہوئے، میری پوزیشن وہی ہے میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ حکمران اليکشن کی تاریخ دیں آدھے گھنٹے ميں اسمبلیاں توڑ دیں گے، جو عمران خان کہیں گے وہی پرویز الٰہی اور محمود خان کریں گے۔