|

وقتِ اشاعت :   October 26 – 2022

معروف اداکار فیروز خان کی جانب سے سابقہ اہلیہ علیزا سلطان کی جانب سے عدالت میں پیش کیے گئے تشدد کے شواہد پر ردِ عمل کا اظہار کیا  گیا ہے۔

گزشتہ دو دنوں سے علیزا پر تشدد کی کچھ تصاویر انسٹاگرام سمیت سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمز پر وائرل ہیں جس پر پاکستانی شوبز انڈسٹری سے منسلک کئی معروف شخصیات نے بھی فیروز کے خلاف سخت ردعمل دیا۔

تاہم اب اداکار نے خود اس پر خاموشی توڑی ہے اور تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے تردید کی ہے۔

فیروز خان نے انسٹاگرام پر جاری اسٹوری میں کہا کہ  میں خود پر لگنے والے اور سوشل میڈیا پر زیرِگردش بے بنیاد، جھوٹے، بدنیتی پر مبنی الزامات کی تردید کرتا ہوں، ان الزامات کی حقیقت میں کوئی حیثیت نہیں ہے، میں ان الزامات سے متعلق اپنی قانونی ٹیم کے ساتھ رابطے میں ہوں۔

اداکار نے لکھاکہ میں واضح طور پر یہ کہنا چاہتا ہوں کہ میں نے آج تک کوئی قانون نہیں توڑا اور نہ ہی کسی کے حقوق کی تلفی کی ہے، میں دنیا کے سب ہی انسانوں کے حقوق کا احترام کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ فیروز اور علیزا کا بچوں کی حوالگی سے متعلق کیس کراچی کی مقامی عدالت میں زیر سماعت ہے جب کہ علیزا نے فیروز کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے عدالت میں شواہد پیش کیے ہیں۔