|

وقتِ اشاعت :   April 27 – 2023

اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے مطالبہ کیا ہے کہ 2018 کے الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کرائیں، قوم کا بتایا جائے کس طرح الیکشن کو چوری کیا گیا؟

انہوں نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد ایوان میں تقریر کرتے ہوئے کہا اللہ تعالیٰ کا لاکھ شکرادا کرتا ہوں، بلاول بھٹو کی قرارداد پر اعتماد کا ووٹ دینے پرسب کا شکر گزار ہوں، آج ایک بار پھر ایوان نے مجھے عزت سے نوازا ہے، میں یقین دلاتا ہوں کہ آپ کے اعتماد کا مان رکھوں گا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے کہا 2018 میں پاکستان کی معیشت دنیا میں تیزی سے ترقی کر رہی تھی، 2018 میں ایک جھرلو الیکشن کرائے گئے، الیکشن میں آر ٹی ایس بند کیا گیا، کچھ ارکان کو کہا گیا ان کے ٹکٹ لیں اور ان کے نہ لیں۔

انہوں نے کہا 2018 الیکشن کے بعد اس وقت کی حکومت نے دھاندلی کیخلاف تحقیقات کا کہا تھا لیکن حکومت نے بعد میں تحقیقات نہیں کرائیں۔

وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا اسپیکر سے مطالبہ کرتا ہوں 2018 الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کرائیں، قوم کا بتایا جائے کس طرح الیکشن کوچوری کیا گیا؟

انہوں نے کہا آئی ایم ایف سے بات ہو رہی تھی تو عمران خان نے اپنے وزیروں کو کہا شرائط نہ مانیں، یہ سازش میری حکومت کے خلاف نہیں عوام کے ساتھ کی جارہی ہے، ہماری حکو مت کو امپورٹڈ کہا گہا، سائفر کے نام پر امریکہ کو نشانہ بنایا گیا، چین اور روس کیلئے ہمدردی کا اظہار کرکے مگر مچھ کے آنسو بہائے گئے۔

میاں شہباز شہباز شریف نے کہا روس سے سستے تیل کا جہاز جلد پاکستان آئے گا لیکن اگر پی ٹی آئی حکومت ہوتی تو کیا روس ہمیں یہ تیل دیتا؟

وزیراعظم نے سابق چیف جسٹس پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ثاقب نثار نے الیکشن میں عمران خان کیلئے دھاندلی کا بازار گرم کیا، ثاقب نثار نے سوموٹو لے لے کر ملک کا بیڑہ غرق کر دیا، ثاقب نثار نے پاکستان کےاسپتالوں کا نظام تباہ کیا۔