|

وقتِ اشاعت :   May 14 – 2023

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 2 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے ۔

پولیس کے مطابق گلشن سرجانی میں کار پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، مقتولین آپس میں دوست تھے جن کی شناخت نسیم جاوید جب کہ دوسرے کی بابر کے نام سے ہوئی ہے، واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا لگتا ہے۔

پولیس کے مطابق بلدیہ گلشن غازی میں دیور کی فائرنگ سے نورین بی بی نامی خاتون جاں بحق ہوگئی، واردات کے بعد ملزم رفاقت موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے گھر سے قتل میں استعمال ہونے والی پستول برآمد کرلی۔

ریسکیو کے مطابق ڈیفنس فیز 6 خیابان ہلال میں عربی محل کے قریب خاتون گھر میں گن صاف کرتے ہوئے اتفاقیہ گولی چل جانے سے جاں بحق ہوگئی۔

متوفیہ کی شناخت 24 سالہ صفیہ  کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملیر 15 میں بکرا پیڑی کے قریب صاحب داد گوٹھ میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ارسلان نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

فائرنگ کرنے والے ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا،ملزم علی رضا مقتول ارسلان کا دوست ہے۔

پولیس کے مطابق سہراب گوٹھ سندھی سوسائٹی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے بعد سلطان نامی ڈاکو کو زخمی حالت میں اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

ادھر سچل گوٹھ میں سرسید چوک کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں پرویز نامی ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ، ملزم پرویز اس سے قبل 6 مرتبہ جیل جاچکا ہے۔