|

وقتِ اشاعت :   May 25 – 2023

ڈیرہ اللہ یار : بلوچستان اور سندھ پولیس کا مٹھو شاہ گینگ کے خلاف مشترکہ آپریشن، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 6 پولیس اہلکاروں کے قتل میں مطلوب مرکزی ملزم جاں بحق ہوگیا۔

سندھ بلوچستان کے سرحدی علاقے جاگیر لنک روڈ کے مقام پر مٹھو شاہ گینگ کی موجودگی کی اطلاع پر جعفرآباد پولیس، سی آئی اے اور اے ٹی ایف سمیت جیکب آباد سندھ کی پولیس پہنچ گئی اور مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا، پولیس حکام کے مطابق دوران آپریشن پولیس اور ڈاکووں کے مابین شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جسکے باعث جعفرآباد پولیس کے 6 اہلکاروں کے قتل میں مطلوب مٹھو شاہ گینگ کا مرکزی ملزم کریم بخش عرف کیچو گلوانی جکھرانی جاں بحق ہوگیا۔

آپریشن میں اوستہ محمد سٹی تھانہ کے ایس ایچ او عبدالروف جمالی، سی آئی اے ڈیرہ اللہ یار کے طارق بہرانی اور اے ٹی ایف کمانڈوز نے حصہ لیا، جاں بحق ہونے والے بدنام زمانہ ڈاکو کے قبضے سے ایک کلاشنکوف برآمد کر لیا گیا۔

جبکہ لاش جیکب آباد کے صدر تھانے کی پولیس کے حوالے کردی گئی، بدنام زمانہ ڈاکو کی ہلاکت پر ڈی آئی جی نصیرآباد منیر احمد شیخ، ایس ایس پی جعفرآباد محمد انور بادینی اور ایس ایس پی اوستہ محمد حسنین اقبال نے پولیس اور سی آئی اے ٹیم سمیت اے ٹی ایف کمانڈوز کو شاباشی دی اور انکی محنت و بہادری کو سراہا۔