|

وقتِ اشاعت :   May 26 – 2023

کوئٹہ: کوئٹہ شہر کی بہتری، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے کوئٹہ ایک جدید خوبصورت اور ترقی یافتہ شہر بن جائے گا اور ترقیاتی منصوبوں کے راستوں میں درختوں کو لگانے سے شہر کی خوبصورتی مزید بہتر ہو جائے گی۔

کوئٹہ ترقیاتی پیکج شہر کی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہوں گے تو ترقی ہو گی اور عوام خوشحال ہو نگے ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کوئٹہ ڈیویلپمنٹ پیکج کے پراگریس ریویو کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کوئٹہ/ وزیر اعلیٰ ڈیویلپمنٹ پیکج کے تحت شہر میں زیر تعمیر سریاب روڈ، سبزل روڈ، مغربی بائی پاس، ریڈیو پاکستان روڈ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت کی۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام ترقیاتی منصوبے 30 جون تک مکمل کئے جائیں گے۔

اس موقع پر کمشنر کوئٹہ سہیل الرحمن بلوچ، سیکرٹری سی ایند ڈبلیو، سیکرٹری یو پی ایند ڈی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ، ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ عبدالجبار بلوچ، پراجیکٹ ڈائریکٹر رفیق بلوچ و دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔ انہوں نے ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر تمام حائل رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سریاب روڈ ترقیاتی منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کرکے 30 جون تک تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے منصوبوں کی تکمیل میں درپیش مسائل کو جلد حل کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر منصوبوں پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ جون کے مہینے میں ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کریں گے۔