|

وقتِ اشاعت :   June 2 – 2023

کوئٹہ: سینئر سیاست دان و سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی سے حق دو تحریک بلوچستان کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی ملاقات، گوادر اور مکران کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ بلوچ قوم کے حقوق، ننگ و ناموس، چادر و چار دیواری کے تحفظ کے دعویدار تو بہت ہیں مگر جب گوادر کے عوام پر قیامت بر پائی ہوئی تو نواب محمد اسلم خان رئیسانی اورنوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے ہی ہماری سرپرستی کی۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو سراوان ہاؤس میں نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ گوادر کے ماہی گیروں، ماؤں، بہنوں، بچوں اور نوجوانوں کی جانب سے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کا شکریہ ادا کرنے آیاہوں 26 دسمبر کو رات گئے گوادر میں سیاسی کارکنوں، ہماری ماؤں بہنوں پر ہونے والے تشدد، چادر و چاردیواری کے تقدس کو پامال کرنے کے بعد قیادت و کارکنوں کو پابند سلال کرکے کوئٹہ منتقل کیا گیا تب نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے نہ صرف ہماری دل جوئی کہ بلکہ خدمت کا حق ادا کیا۔

اہلیان گوادر کے پاس ان کا شکریہ ادا کرنے کیلئے الفاظ نہیں، انہوں نے کہا کہ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کا شکریہ ادا کرنے کیلئے پہلے واجہ حسین واڈیلا سراوان ہاؤس آئے تھے اب میں خود نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کے پاس آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بہت بڑی بڑی شخصیات بلوچ قوم کے حقوق، ننگ و ناموس، چادر و چار دیواری کے تحفظ کے دعویدار ہیں اور نعرے بھی لگاتے ہیں۔

مگر جب گوادر کے عوام پر قیامت بر پائی ہوئی تو نواب محمد اسلم خان رئیسانی، نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی اور میر ہمایوں عزیز کرد جیسی شخصیات نے سامنے آکر ہماری سرپرستی کی اور حوصلہ دیا، کرائم برانچ تھانہ میں ہماری خدمت کی۔ انہوں نے کہا کہ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کو گوادر اور مکران کے عوام کی طرف سے گوادر اور مکران کے دورے کی دعوت بھی دی ہے گوادر میں عوام ان کا شایان شان استقبال کریں گے۔