|

وقتِ اشاعت :   June 7 – 2023

کراچی : گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کے اہم ساحلی شہر گوادر میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی عمل اور گوادر کی مقامی آبادی کے دیرینہ مسائل کا پائیدار حل اور انھیں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر عمل درآمد خوش آئند ہے. انہوں نے کہا کہ گوادر کو سینٹرل ایشیا کا دروازہ بھی کہتے ہیں۔

اور اس اہم جغرافیائی اہمیت کا حامل علاقہ ترقی کے زبردست مواقع اور روشن امکانات بھی رکھتا ہے. توقع ہے کہ گوادر ایک جدید شہر ہوگا اور پوری دنیا میں اہم تجارتی مرکز کی شکل اختیار کر لے گا. گورنر بلوچستان نے کہا کہ گوادر کے ساحل پر پہلا حق مقامی آبادی کا ہے۔

لہذا ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچایا جانا ضروری ہے. بلوچستان میں ہائیر ایجوکیشن پر روزل آول سے ہماری خصوصی توجہ ہے۔

ہم نے گوادر کے طالب علموں کیلئے اعلی تعلیم کے حصول کی غرض سے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے دو سو اسکالرشپ مختص کی ہیں جس کے نئی نسل کی تعلیم اور ترقی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے. گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ حکومت نے گوادر میں اعلی تعلیم کی سہولت کی فراہمی کیلئے وہاں گوادر یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا ہے جس کے علاقے میں تعلیمی ترقی پر دوررس اثرات مرتب ہوں گے۔

علاوہ ازیں دوست ملک کے تعاون سے سی پیک کے تحت بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر کی تعمیر کے علاوہ دنیا بھر سے گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقع مستحکم کیے جا رہے ہیں اور توقع ہے کہ گوادر کی ترقی نہ صرف پاکستان اور بلوچستان بلکہ خطے میں اقتصادی، اور سماجی ترقی کا سنگ میل ثابت ہوگی۔