|

وقتِ اشاعت :   September 25 – 2023

کوئٹہ: نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت منعقدہ نگران صوبائی کابینہ کے دوسرے اجلاس میں کابینہ نے بلوچستان ماحولیاتی تحفظ ایکٹ 2012 کے سیکشن 32 کے ذیلی کے سیکشن 1 کے تحت متعلقہ محکمے کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کرنے کی منظوری دے دی نگران کابینہ نے شیخ زید اسپتال کوئٹہ میں انڈس اسپتال کے تعاون سے قائم کیے گئے پیڈز آنکالوجی کے لئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی کابینہ اجلاس میں اس امرپر اتفاق کیا گیا کہ تمام عوامی نوعیت کے منصوبوں کو سرکاری سطح پر معاونت فراہم کی جائے گی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ صوبے بھر میں ٹرشری کیئر اسپتالوں کو بھی مزید بہتر بنایا جائے گا

کابینہ نے محکمہ سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے بلوچستان کی پہلی کلاؤڈ پالیسی 2023 سے متعلق کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا مذکورہ کمیٹی پہلی کلاؤڈ پالیسی پر مکمل غور و خوض کرنے کے بعد اسے آئندہ کابینہ کے اجلاس میں پیش کرے گی کابینہ نے محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کی جانب سے پروجیکٹ ڈائریکٹرز، پروجیکٹ سٹاف اور پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے قیام کی ترمیم شدہ پالیسی کی منظوری دی واضح رہے کہ مذکورہ پالیسی کی منظوری پلاننگ کمیشن آف پاکستان کہ رہنما اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے دی گئی ہے

کابینہ نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ پروجیکٹ ڈائریکٹرز کی تعیناتی کے لیے نجی شعبہ سے میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر افرادی قوت کی بھرتی کو ترجیح دی جائے گی کابینہ نے پسنی فش ہاربر کی مکمل بحالی کے لیے مذکورہ ہاربر کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور بی او ٹی طرز پر فعال کرنے سمیت دیگر متعلقہ جزیات کا جائزہ لیا اور کابینہ نے مشترکہ طور پر اتفاق کیا کہ اس حوالے سے نگران صوبائی حکومت اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے فیصلہ کرے گی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ کوئٹہ شہر میں سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا

اور تمام محکموں کے زیر التواء رولز متعلقہ فورمز سے ویٹ ہونے کے بعد کابینہ میں منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں زیر التواء محکمہ جاتی امور سمیت مفاد عامہ اور انتظامی معاملات سے متعلق فیصلے لئے گئے اور ہماری کوشش ہے کہ نگران حکومت کو جتنا بھی وقت ملا ہے اس میں بلوچستان کے عوام کے لئے جس قدر ممکن ہو بہتری کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں گے تاکہ ان سے براہ راست عام آدمی کو فائدہ مل سکے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کابینہ نے اتفاق رائے سے اہم فیصلوں کی منظوری دی ہے جس کا مقصد بہتر طرز حکمرانی کی جانب ایک قدم ہے تاکہ حکومت کے اچھے اقدامات کے ثمرات سے عوام مستفید ہو سکیں۔
٭٭٭٭٭٭