|

وقتِ اشاعت :   November 9 – 2023

ورلڈکپ کے 41 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو با آسانی5 وکٹوں سے شکست دے کر اپنا سیمی فائنل میں پہنچنے کا راستہ انتہائی آسان اور پاکستان کا بظاہر ناممکن کر دیا۔

نیوزی لینڈ نے  سری لنکا کا 172 رنز کا ہدف  با آسانی 23.2 اوورز میں حاصل کر کے 2  اہم پوائنٹس حاصل کرلیے اور سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار کرلی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے شائقین آج دعا کر رہے تھے کہ سری لنکا نیوزی کو ہرا دے تاکہ پاکستان انگلینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ جائے پر ایسا نہ ہوسکا۔

نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان آج میچ بنگلورو میں کھیلا گیا جہاں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

سری لنکن ٹیم 46.4 اوورز میں 171 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کوشل پریرا 51 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔

اس کے علاوہ دھننجایا ڈی سلوا 19اور انجیلو میتھیوز نے 16 رنز بنائے جبکہ اسالنکا 8 ، چامیکا کارونارتنے اور کوشل مینڈس نے 6 ،6 رنز اسکور کیے۔

پاتھم نسانکا 2 ، دشمنتھا چمیرا اور سدیرا سمارا وکرما ایک ایک رن بناسکے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 37 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، لوکی فیرگوسن،مچل سینٹنر اور راچن رویندرا نے2 ،2وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ لی۔

 

سری لنکا کا 172 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے باآسانی 23.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرلیا۔

ڈیون کونوے 45 ، ڈیرل مچل43 ، رچن رویندرا 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کپتان کین ولیمسن 14اور مارک چیپمین 4 رنز بناسکے۔

  گلین فلپس 17 اور ٹام لیتھم 2 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

نیوزی لینڈ کی اپنے آخری گروپ میچ میں سری لنکا کے خلاف جیت کے بعد کیویز کا سیمی فائنل میں پہنچنا انتہائی آسان ہوگیا۔

بھارت، جنوبی افریقا اور آسٹریلیا پہلے ہی ناک مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں، آخری ٹیم کے لیے نیوزی لینڈ، پاکستان اور افغانستان کے درمیان مقابلہ ہے۔

تینوں ٹیموں کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اپنا آخری میچ جیتنا ضروری ہے وہیں رن ریٹ کا خیال بھی رکھنا ہے۔

نیوزی لینڈ اپنا آخری گروپ میچ جیت کر 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔

افغانستان کو کل جنوبی افریقا اور پاکستان کو ہفتے کو انگلینڈ کا سامنا کرنا ہے، نیوزی لینڈ نے آج جیت کے بعد اپنی سیمی فائنل کی راہ ہمورا کرلی جبکہ اب گرین شرٹس اور افغان ٹیم کے لیے آخری میچ میں جیت کے باوجود رن ریٹ کی وجہ سے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنا بظاہر ناممکن ہوگیا ہے۔

پاکستان اور افغانستان 8،8 میچز کھیل کر 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔