|

وقتِ اشاعت :   April 27 – 2024

کوئٹہ: صوبائی مشیر وومن ڈویلپمنٹ ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت صوبے کے روایتی مسائل حل اور خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے ، ہمارا وژن صوبے کی خواتین اور بچیوں کو باوقار ، باعزت طریقے اور منظم انداز سے وہ تمام حقوق فراہم کرنا ہے جن کی وہ حقدار ہیں،

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کیتھلین کمال رئیسانی فاونڈیشن کے بانی ڈاکٹر کمال رئیسانی کی صدارت میں ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر سابق رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار

، فاونڈیشن کی چیئرپرسن گل نساء ، شریک چیئر پرسن صنم گل ، چیف ایگزیکٹو زولیخہ رئیسانی ، ڈی ایم ایس سول اسپتال کوئٹہ ڈاکٹر محبوب قمبرانی ، فرسٹ وومن بینک کی عظمیٰ جتوئی ، فردوس جتوئی ، فائونڈیشن کی ڈائریکٹر فنانس ثانیہ حق ، ڈائریکٹر پروگرام ماہ وش سعید ، ڈپٹی ڈائریکٹر پروگرام سلمیٰ روشن ، لیگل ایڈوائزر خدائے نظر ایڈووکیٹ ، ڈائریکٹر ایڈمن و ایچ آر منصور گل و دیگر بھی موجود تھے۔

صوبائی مشیر وومن ڈویلپمنٹ ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کیتھلین کمال رئیسانی فائونڈیشن کی مختلف شعبوں میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری سوچ اور مقصد ایک ہے ،

بلوچستان حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے ہمارا وژن ہے کہ صوبے کی خواتین اور بچیوں کو باوقار باعزت طریقے اور منظم انداز میں وہ تمام حقوق فراہم کئے جائیں جن کی وہ حقدار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت صوبائی مشیر آئی ٹی گزشتہ حکومت میں انہوں نے آئی ٹی کے شعبے میں ڈھائی سو لڑکیوں کو ای کامرس کی تربیت فراہم کرائی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف خواتین سے متعلق قانون سازی کرنا ہے ہمارے یہاں خواتین کی ایک بہت بڑی تعداد زراعت کے شعبہ سے منسلک ہے لیکن ان کیلئے اب تک کوئی قوانین رائج نہیں کئے جاسکے ہیں ،بلوچستان کے روایتی مسائل کے حل کیلئے واضح اقدامات اٹھانے ہوں گے ، دوسروں پر انحصار کرنے کی بجائے اپنے وسائل میں اضافہ کرنا ہوگا تاکہ صوبائی حکومت نے جو اہداف وضع کئے ہیں ان کو حاصل کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ کیتھلین کمال رئیسانی فائونڈیشن نے نہ صرف کوئٹہ بلکہ بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے زیادہ کام کیا ہے ،

دوسرے غیرسرکاری اداروں سے گذارش ہے کہ وہ کیتھلین کمال رئیسانی فائونڈیشن کی تقلید کرتے ہوئے خود کو صرف کوئٹہ تک محدود نہ رکھیں بلکہ اپنے دائرہ کار کو وسیع کریں۔ کیتھلین کمال رئیسانی فائونڈیشن کے بانی ڈاکٹر کمال رئیسانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 2022ء میں فائونڈیشن کی بنیاد رکھی

جس کا مقصد بلوچستان کے عوام کی مختلف شعبوں میں خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے غربت کو بہت قریب سے دیکھا اور برداشت کیا ہے میری ترجیح ہے کہ بلوچستان سے غربت میں کسی حد تک کمی لائی جاسکے

جس کے لئے کوششیں کرہے ہیںانہوں نے کہا کہ ہمارے محدود وسائل میں بلوچستان سے اگر ایک فیصد بھی غربت میں کمی آئیگی تو اس کو میں اپنے لیے اعزاز سمجھوں گا۔ سابق رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کتھلین کمال رئیسانی نے ہمیشہ ضرورت مند لوگوں کی بلاامتیاز خدمت کی وہ انسان دوست شخصیت کی مالک تھیں جن کی یاد میں اس فاونڈیشن کی بنیاد رکھی گئی ہے تاکہ ان کے مشن کو پورا کیا جاسکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *