|

وقتِ اشاعت :   December 25 – 2023

کوئٹہ: ڈی ایس ریلوے یوسف لغاری نے کہا ہے کہ بولان میل کی بحالی سے بلوچستان کے لوگوں کو جدید سفری سہولیات میسر ہوں گی،

بولان میل کو2022 کی سیلاب کی وجہ سے بند کردیا گیا تھا 1سال 4ماہ کی تعطل کے بعد دوبارہ بولان میل بحال کر دی گئی ہے ۔

یہ بات انہوں نے پیر کو بولان میل کی دوبارہ بحالی کی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ گرین لائن ٹرین جیسے سہولیات سے مزین یہ ٹرین ہفتے میں دو دن صبح دس بجے کوئٹہ سے کراچی اور شام سات بجے کراچی سے کوئٹہ کے لئے روانہ ہوا کریگی۔

اس ٹرین میں سات سو مسافروں کی گنجائش ہے اور آج اس کے پہلے دن سی ہی اس میں سات سو کے قریب مسافر ہی سفر کر رہے ہیں۔ اس ٹرین میں مسافروں کے لئے لگائی جانیوالی ڈائننگ کار میں ناشتہ، دوپہر اور شام کی کھانے کے علاوہ چائے اور بیڈنگ وغیرہ کی جدید سہولیات موجود ہوں گی۔

ڈی ایس ریلوے نے کہاکہ اس ٹرین کی 9 بوگیاں کوئٹہ سے جبکہ مزید تین بوگیاں سبی اسٹیشن سے لگا کریں گی۔ اس ٹرین کی اکانمی کلاس کا کرایہ 22 سو روپے ہے جو پرائیویٹ بسوں کی کرایہ سے بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ

محکمہ ریلوے کی کوشش ہے کہ اکبر بگٹی ایکسپریس کو بھی بحال کردیا جائے اوراس کی خوشخبری بھی بہت جلد بلوچستان کے عوام کو سنایا جائے گا۔ قبل ازیں ڈی ایس ریلوے یوسف لغاری نے فیتہ کاٹ کر بولان میل کی افتتاح کیا۔ اس موقع پر چیف کنٹرولر ریلوے محمد کاشف اور دیگر ریلوے آفیسران بھی موجود تھے۔