|

وقتِ اشاعت :   March 25 – 2024

وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف قرضہ دیتا ہے امداد نہیں جسے واپس بھی کرنا ہوتا ہے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے مزار قائد پر حاضری کے بعد یوٹیلٹی اسٹور کا دورہ کیا اور مختلف اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔

ان مواقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ باقی معاملات کو بھی دیکھنا ہے، گورننس کے اسٹرکچر کو ٹھیک کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت، بے روزگاری اور امن و امان ہماری ترجیحات میں سے ہیں، مہنگائی کو کنٹرول کرنے سے متعلق میکنزم بنائیں گے، سفید پوش طبقے کی سہولت کےلیے وفاقی حکومت لائحہ عمل تیار کرے گی۔ 

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے، معاشی اشاریوں کو بلندی کی جانب لے کر جانا ہے، حکومت معاشی اصلاحات کے لیے تمام اہم اقدامات کرے گی۔

جام کمال کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز سے عوام کو فائدہ مل رہا ہے، ان کو مزید بہتر کرنے کے لیے اقدامات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مزار قائد آکر ہمیں پاکستان کے لیے قربانیوں کا احساس ہوتا ہے، شہباز شریف کی قیادت میں مشکلات کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر تجارت کا کہنا ہے کہ تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، پیپلز پارٹی، ایم کیوایم اور دیگر جماعتیں حکومت کا حصہ ہیں، پیپلز پارٹی نے حکومت کے تشکیل میں بڑا کردار ادا کیا۔