|

وقتِ اشاعت :   March 28 – 2024

کوئٹہ:)نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان نے جاری بیان میں سبی انتظامیہ کی جانب سے پارٹی رہنما یار محمد بنگلزئی سمیت دیگر سیاسی و قبائیلی رہنماؤں کے خلاف ایف آئی آر کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پر امن احتجاج کرنے کا حق ہر شہری کو حاصل ہے۔

سبی میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی طویل لوڈ شیڈنگ کے ساتھ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔لوڈشیڈنگ کے خلاف سبی کے سیاسی و قبائیلی رہنماؤں نے پر امن احتجاج کیا۔اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔لیکن افسوس ہے کہ واپڈا انتظامیہ رمضان المبارک میں بھی روزہ داروں کو بجلی فراہم نہیں کررہی۔

بیان میں کہا گیا کہ ضلعی انتظامیہ ضلع میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی زمہ دار ہے لیکن افسوس ہے کہ ڈپٹی کمشنر سبی نے پرامن احتجاج پر سیاسی رہنماؤں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جو کہ مکمل طور پر قابل مذمت ہے۔بیان میں کہا گیا کہ سیاسی رہنماؤں کے خلاف درج ایف آئی آر کو واپس لینے اور سبی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔