وزیراعظم شہباز شریف کے جمعرات کو منعقدہ کابینہ اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ ایران اسرائیل جنگ بندی خوش آئند ہے، ایران نے صدر زرداری، میرا اور فیلڈ مارشل کا نام لے کر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے بجٹ کی منظوری پر وزیر خزانہ اور پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ کابینہ نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے زبردست کردار پر قرارداد بھی منظور کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی تیاری اور منظوری ایک بڑی قومی کامیابی ہے، جس پر وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم خراجِ تحسین کی مستحق ہے۔ وزیراعظم نے حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے ارکان، خصوصاً نائب وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کی قیادت کو بھی بجٹ منظوری کے عمل میں سنجیدہ اور مثبت کردار پر سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس بار قومی اسمبلی میں حکومتی اتحاد کی تعداد اطمینان بخش ہے اور تمام ارکان نے بجٹ کی منظوری میں مثالی یکجہتی اور تعاون کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بجٹ کی منظوری کے لیے فعال کردار ادا کیا۔
بین الاقوامی امور پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیا اور بتایا کہ ایران نے اس عمل میں پاکستان کی سیاسی، عسکری اور عوامی حمایت پر شکریہ ادا کیا، جس کی عالمی سطح پر بھی پذیرائی ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے استنبول میں ایرانی وزیر خارجہ سے جو اہم ملاقات کی، اس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ امریکی صدر نے بھی ان کے کردار کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک میں امن کے دشمنوں ’فتنۃ الخوارج‘ کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے، جو کہ ریاست کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ وہ مجالس اور جلوسوں میں امن، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کا عملی مظاہرہ کریں تاکہ ملک میں فرقہ واریت کی کوئی گنجائش باقی نہ رہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بجٹ کی منظوری کے بعد حکومت معیشت کو مضبوط بنانے، عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور ترقیاتی عمل کو تیز تر کرنے کے لیے جامع اور ٹھوس اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال میں اقتصادی میدان میں پیش رفت ہی ملکی استحکام کی بنیاد بنے گی۔