|

وقتِ اشاعت :   July 5 – 2025

کوئٹہ میں 9 محرم الحرام کو مختلف موبائل فونز نیٹ ورک کی سروس معطل کردی گئی۔

9 محرم الحرام کو کوئٹہ شہر میں مختلف موبائل فونز نیٹ ورک کی سروس صبح 9 بجے کے بعد سے معطل ہونا شروع ہوگئی تھی۔ موبائل فون ڈیٹا انٹر نیٹ سروس بھی معطل ہے۔

حکام کے مطابق موبائل فونز نیٹ ورک کی سروس سیکیورٹی صورتحال کے باعث معطل کی گئی ہے جو شام تک بحال ہوجائے گی۔

دوسری جانب موبائل فونز کی معطلی سے ریسکیو سروس عملہ، تاجروں اور ڈیلیوری بوائز سمیت تمام صارفین کو مشکلات کاسامنا ہے۔ 

کراچی، لاہور اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کے ساتھ نکالے جا رہے ہیں، جب کہ بعض شہروں میں موبائل سروس معطل اور حساس مقامات سیل کر دیے گئے ہیں۔

کراچی میں 9 محرم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے دوپہر 1 بجے برآمد ہوگا، جب کہ اس سے قبل نشترپارک میں مجلس منعقد کی جائے گی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے۔

مجلس کے اختتام پر امایہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے نماز ظہرین ادا کی جائے گی۔ جلوس اپنے روایتی راستوں نمائش، صدر، ریڈیو پاکستان، جامع کلاتھ، ڈینسو ہال سے ہوتا ہوا کھارادر میں حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر ختم ہوگا۔ اس سلسلے میں سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔