|

وقتِ اشاعت :   July 10 – 2025

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ماحولیاتی تبدیلی اور بڑھتی آبادی کو ملک کے لیے بڑے چیلنجز قرار دے دیا۔

اسلام آباد میں عالمی یوم آبادی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب نے کہا کہ تین ٹریلین کی معیشت بننے کا خواب تب ہی پورا ہوگا جب ہم ان دونوں مسائل پر قابو پائیں گے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ ملک میں پیسے کی کوئی کمی نہیں اور ضرورت صرف فنڈز کے صحیح جگہ خرچ کرنے اور ترجیحات طے کرنے کی ہے۔

محمد اورنگزیب نے وفاق اور صوبوں کو مل بیٹھ کر اپنے کام بانٹنے کا بھی مشورہ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلا چیلنج موسمیاتی تبدیلی اور دوسرا آبادی میں بے ہنگم اضافہ ہے اور اگر آبادی کی پلاننگ نہیں تو تمام منصوبے بے کار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ صحت و صفائی خوراک اورصاف پانی کے مسائل ہیں، ہمیں این ایف سی ایوارڈ کا از سر نو جائزہ لینا ہوگا اور ہمیں قومی اور صوبائی بجٹ کو قومی سوچ کے ساتھ  دیکھنا چاہیے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ تعلیم اور صحت کا بجٹ صوبوں کو ملاکر دیکھنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس وسائل کی کمی نہیں اور ہمیں بیٹھ کر دیکھنا ہوگا کہ وفاق نے صوبے میں کیا کرنا ہے۔