تربت: ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے گزشتہ دنوں یونیورسٹی آف تربت کا دورہ کیا۔ تربت یونیورسٹی آمد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن اور پرووائس چانسلر ڈاکٹر کمال نیاستقبال کیا۔وائس چانسلر سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے ڈی جی آئی ایس پی آر کو تربت یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی کامیابیوں اور بنیادی ڈھانچیکی ترقی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے یونیورسٹی کو درپیش مالی مشکلات، مستقبل کے منصوبوں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں تربت یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ کے مثبت کردار سے بھی آگاہ کیا۔علاوہ ازیں تربت یونیورسٹی اور دیگر ملکی اور غیر ملکی تعلیمی اداروں کے ساتھ سمسٹر ایکسچینج کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مختصر مدت میں یونیورسٹی کی ترقی کو سراہا اور ادارے کی مزید بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
انہوں نے تربت یونیورسٹی اور ملک کے دیگر یونیورسٹیز کے درمیان تعلیم اور تحقیق کے میدان میں شراکت داری کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
اس کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر نے فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران اور طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی۔
اس نشست میں قومی سلامتی میں پاک فوج، طلبہ اور اساتذہ کے کردار کے علاوہ عالمی و ملکی سطح پر درپیش عصر حاضر کے چیلنجز پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔نشست کے دوران انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے دشمن کے گمراہ کن پروپیگنڈے اور منفی بیانیے کے قومی سلامتی و معاشرے پر پڑنے والے منفی اثرات اور ان کے تدارک پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ مبالغہ آرائی پر مبنی احساسِ محرومی اور منفی بیانیوں کو مسترد کردیں اور اپنی تمام تر توانائیاں حصول تعلیم پر مرکوز رکھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج کا تعلیمی اداروں کے ساتھ اس نوعیت کا مکالمہ نوجوانوں کے حوصلے بلند کرنے اور ان کا اعتماد بحال کرنے میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج وفاقی اور صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے کوشاں ہے۔
یونیورسٹی آف تربت کے طلبہ نے قومی سلامتی کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور ملکی دفاع کو یقینی بنانے میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔ فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ اس نشست کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے براہ راست رابطوں سے نوجوانوں کو قومی معاملات اور درپیش چیلنجز کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی اور یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہنا چاہیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یونیورسٹی کے احاطے میں درخت بھی لگایا۔ تربت یونیورسٹی کا دورہ کرنے پر وائس چانسلر نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا تہہ دل سے شکریہ اداکیا۔