کوئٹہ : افغانستان میں طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی سرحدی فورسز کی طرف سے پاکستان اور افغان سرحد پر پاکستانی فوج کے مراکز اور تنصیبات پر ’وسیع‘ کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک اور پوسٹ میں طالبان فورسز کی جانب سے متعدد پاکستانی چیک پوسٹس کو تباہ کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
طالبان حکام کے بیان پر پاکستان نے تاحال سرکاری طور پر کوئی ردِعمل نہیں دیا ہے۔
خیال رہے پاکستان نے 21 فروری کو افغانستان کے اندر شدت پسندوں کے ساتھ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔ پاکستان نے کہا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور نام نہاد دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں پر حملوں میں 80 سے زیادہ عسکریت پسند مارے گئے تھے۔
دوسری جانب افغانستان نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کے ان حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت عام شہری مارے گئے تھے۔
افغان طالبان نے یہ بھی کہا تھا کہ ’مناسب وقت‘ پر ان حملوں کا جواب دیا جائے گا۔