|

وقتِ اشاعت :   March 8 – 2026

کوئٹہ: کلی اسماعیل میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے سب انسپکٹر میٹھا خان شہید ہو گئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب سی ٹی ڈی سب انسپکٹر میٹھا خان کلی اسماعیل کے علاقے میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے کہ اچانک نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔

واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب حکومت بلوچستان نے سی ٹی ڈی انسپکٹر میٹھا خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انسپکٹر میٹھا خان ایک بہادر اور فرض شناس افسر تھے جنہوں نے صوبے میں قیام امن کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ بزدلانہ حملہ بلوچستان کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے کو کم نہیں کر سکتا۔ شاہد رند نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملوث عناصر کو جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

شاہد رند کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان شہید افسر کے خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہے۔