|

وقتِ اشاعت :   March 28 – 2026

خضدار:  حلقہ این اے 256 کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کا ایک دوسرے کی حمایت حاصل کرنے کے لیے روابط کا سلسلہ جاری۔

پیپلز پارٹی کے رہنما و امیدوار این اے 256 میر شفیق الرحمن مینگل کا خلق جھالاوان میں چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری سے ملاقات۔ دوسری جانب آزاد امیدوار آغا شکیل احمد خضداری اور جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار مولانا قمر الدین کا نال میں نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو سے الگ الگ ملاقاتیں۔

تفصیلات کے مطابق بی این پی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کی ایم این اے کی خالی کردہ نشست حلقہ این اے 256 خضدار کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کے قائدین و امیدواروں کا ایک دوسرے سے روابط کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری سے خلق جھالاوان خضدار میں پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار میر شفیق الرحمن مینگل نے ملاقات کی۔ اس موقع پر مشیر بلدیات نوابزادہ بابا امیر حمزہ زہری، میر ظفر اللہ ساسولی، حاجی محمد اقبال مینگل۔

حاجی صلاح الدین زہری سمیت دیگر بھی موجود تھے۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ حلقے میں گھر گھر انتخابی مہم کو تیز کیا جائے۔

پیپلز پارٹی جھالاوان کے عوام کی نمائندہ جماعت ہے، عوام نے پہلے ہی پیپلز پارٹی کے حق میں فیصلہ دیا ہے، پانچ اپریل کو رسمی اعلان باقی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ پولنگ کے دن زیادہ تعداد میں گھروں سے نکل کر تیر پر مہر لگا کر خضدار، وڈھ، پورے جھالاوان میں تعمیر، ترقی اور خوشحالی کی مہم میں اپنا حصہ ڈالیں۔دوسری جانب آزاد امیدوار آغا شکیل احمد خضداری کی قیادت میں ایک وفد نے نال میں نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سردار محمد اسلم بزنجو سے ملاقات کی اور ضمنی انتخابات میں حمایت حاصل کرنے پر گفتگو کی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی روابط کو جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔علاوہ ازیں جمعیت علمائے اسلام کے ایک وفد نے امیدوار حلقہ این اے 256 مولانا قمر الدین کی قیادت میں نال میں نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سردار محمد اسلم بزنجو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں حلقے کے انتخابات زیر بحث آئے۔

جمعیت علمائے اسلام نے جماعت کے امیدوار مولانا قمر الدین کی حمایت کی درخواست کی۔ ذرائع کے مطابق سردار اسلم بزنجو اور مولانا قمر الدین کے درمیان باہمی رابطہ جاری رکھنے کا فیصلہ ہوا، تاہم سردار محمد اسلم بزنجو نے واضح کیا کہ پارٹی مرکزی سطح پر جو فیصلہ کرے گی، مقامی سطح پر اسی فیصلے کو آگے بڑھایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *