پنجگور: پنجگور میں مسلح حملے، فائرنگ و دھماکوں سے 11افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہوگئے۔ پنجگور میں گزشتہ شب دیر گئے مختلف علاقوں میں دھماکوں اور شدید فائرنگ کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطلاعات کے مطابق دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا، جبکہ نامعلوم مسلح افراد نے مختلف مقامات پر گھروں پر حملے کرکے املاک کو نقصان پہنچایا اور گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق خدابادان کے علاقے میں مسلح افراد کی بڑی تعداد نے ارشد نامی کے گھر پر حملہ کیا،
جس کے نتیجے میں امداد ابراہیم، برہان ارشد اور عزیز وزیر جاں بحق ہو گئے۔
حملہ آوروں نے گھر کے تین کمروں کو آگ لگا دی جبکہ مین گیٹ اور چار دیواری کو بھی نقصان پہنچایا۔
اسی طرح سراوان خدابادان میں بہرام عرف چالاک کے گھر پر بھی شدید فائرنگ کی گئی، تاہم وہاں کسی قسم نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
دریں اثناء گرمکان کے علاقے میں شاہد نامی شخص کے گھر پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں عامر نامی شخص جاں بحق جبکہ غفار اور ظفیر احمد زخمی ہو گئے۔
حملہ آوروں نے گھر کو شدید نقصان پہنچایا اور گھر کے سامنے کھڑی تین گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا۔ایک اور واقعے میں گرمکان ہی میں کلیم اللہ کے گھر پر بھی حملہ کیا گیا، جہاں تین گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی اور مکان کو نقصان پہنچایا گیا۔مزید سرکاری ذرائع کے مطابق چھ مسلح حملہ اووربھی مارے گئے جن کی لاشیں پولیس نے ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا مجموعی طور پر ان واقعات میں گیارہ افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
شہر بھر میں فائرنگ اور دھماکوں کی آوازوں سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا گیا، جس کے باعث تجارتی مراکز اور بیشتر دکانیں بند رہیں جبکہ سڑکیں سنسان دکھائی دیں۔پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقوں کا کنٹرول سنبھال کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
Leave a Reply