|

وقتِ اشاعت :   March 31 – 2026

کوئٹہ:  کوئٹہ کے مغربی بائی پاس کلی خلی کے قریب تباہ ہونے والی گیس پائپ لائن پر تاحال مرمت کا کام شروع نہیں ہوسکا ، جس کے باعث متعدد اضلاع اور علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہے۔ ایس ایس جی سی حکام کے مطابق مرمت کیلئے سیکیورٹی کلیئرنس درکار ہے۔

گیس کی بحالی میں دو سے تین روز لگنے کا امکان ہے۔

کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر گزشتہ روز تباہ ہونے والی 18 انچ قطر کی گیس پائپ لائن اور اسمبلی والو کی مرمت تاحال شروع نہ کی جا سکی۔

ایس ایس جی سی حکام کے مطابق پائپ لائن کی مرمت کیلئے سیکیورٹی کلیئرنس کا انتظار کیا جا رہا ہے جبکہ مرمت کیلئے مخصوص پائپ کراچی سے منگوانا پڑے گا جس کے باعث بحالی میں تاخیر متوقع ہے۔

گیس فراہمی معطل ہونے سے مستونگ، قلات، پشین، کچلاک اور زیارت سمیت کوئٹہ کے مختلف علاقے ہزارہ ٹاؤن، ہزارگنجی، خروٹ آباد، پشتون باغ، خیزی اور نوحصار متاثر ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ گیس پائپ لائن کی مکمل بحالی میں دو سے تین روز لگ سکتے ہیں، جس کے بعد سپلائی بحال کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *