|

وقتِ اشاعت :   April 5 – 2026

کوئٹہ : حکومت بلوچستان نے توانائی کے تحفظ اور عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے مارکیٹ اور شادی ہالز کے اوقات کار میں تبدیلی کے اقدامات پر عمل درآمد کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی زیر صدارت گزشتہ روز ہونے والے اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں محکمہ داخلہ بلوچستان نے ہدایات جاری کی ہیں کہ مارکیٹیں اور شاپنگ سینٹرز رات 8 بجے بند کیے جائیں گے،

جبکہ دواخانے، تندور اور نانبائی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ شادی ہال، ضیافت ہال اور ہوٹلوں میں تمام تقریبات رات 10 بجے ختم ہوں گی اور ریستوران بھی رات 10 بجے بند ہو جائیں گے۔

ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کروائیں گے اور خلاف ورزی پر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی ہوگی۔محکمہ داخلہ نے تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور پولیس افسران کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر ان احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور متعلقہ افراد کو مطلع کریں۔

حکومت نے عوام سے بھی تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ توانائی کے بحران پر قابو پایا جا سکے اور موثر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

دوسری جانب، مرکزی انجمن تاجران رجسٹرڈ بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ نے وزیر اعلیٰ کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹیں اور دکانیں رات 10 بجے جبکہ شادی ہال، ریسٹورنٹ اور ہوٹل رات 12 بجے بند کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کی تجاویز پر عمل نہ کیا گیا تو وہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں تاجروں کے ساتھ احتجاج کریں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔

تاجروں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے فیصلے سے کاروباری سرگرمیوں کو نقصان پہنچے گا اور یہ تاجر دشمن اقدام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دیگر صوبوں میں اس طرح کی پابندیاں نہیں لگائی گئی ہیں اور موجودہ صورتحال میں لاک ڈاؤن جیسے اقدامات دوبارہ کاروبار کو شدید متاثر کریں گے۔ تاجروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایرانی پیٹرول کی فروخت کی اجازت دی جائے اور چیک پوسٹوں پر کاروباریوں کو ہراساں نہ کیا جائے۔

پریس کانفرنس میں عبدالرحیم کاکڑ کے ہمراہ دیگر تجارتی رہنما بھی موجود تھے جن میں حضرت علی اچکزئی، میر یاسین مینگل، عمران ترین، سعد اللہ اچکزئی، ہاشم کاکڑ، ظفر کاکڑ، سید عبدالخالق آغا، محمد جان آغا درویش، عبدالعلی دمڑ، ودان علی کاکڑ، اللہ داد اچکزئی، اتحاد تاجران بلوچستان کے صدر حسن آغا، شاہ رضا، جہانگیر لانگو اور نقیب اللہ کاکڑ شامل تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *