|

وقتِ اشاعت :   April 5 – 2026

واشنگٹن / تہران: امریکا نے ایران میں مار گرائے گئے امریکی ایف-15 لڑاکا طیارے کے دوسرے عملے کے رکن کو بھی بحفاظت بازیاب کرا لیا ہے، جس کی تصدیق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کی ہے، جبکہ ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ ریسکیو آپریشن میں شامل ایک اور امریکی طیارہ صوبہ اصفہان میں تباہ کر دیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے  کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان میں کہا کہ بازیاب کیا جانے والا اہلکار ایران کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں دشمن کے عقب میں موجود تھا اور اسے تلاش کیا جا رہا تھا۔

ٹرمپ کے مطابق زخمی ہونے کے باوجود فضائیہ کا یہ افسر، جس کا عہدہ کرنل بتایا گیا ہے، اب محفوظ ہے اور جلد صحت یاب ہو جائے گا۔

امریکی صدر نے کہا کہ یہ اہلکار اس دو رکنی عملے کا دوسرا رکن تھا جس کے ایف-15 طیارے کو ایران نے جمعے کے روز اپنی فضائی دفاعی کارروائی میں مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل پہلے پائلٹ کو بھی کامیابی سے بازیاب کرا لیا گیا تھا، تاہم دوسرے ریسکیو آپریشن کو خطرے میں ڈالنے سے بچنے کے لیے اس کی فوری تصدیق نہیں کی گئی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اس کامیاب ریسکیو آپریشن کے بعد وائٹ ہاؤس کو درپیش ایک بڑا بحران ختم ہوگیا ہے، جبکہ ایران کے ساتھ جاری جنگ چھٹے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے۔

ایران کی جانب سے تصدیق نہیں

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی حکام کی جانب سے امریکی پائلٹ کی بازیابی کی نہ تو تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی تردید۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس مقام پر مسلسل فضائی حملے دیکھنے میں آئے جہاں امریکی لڑاکا طیارہ گرایا گیا تھا۔

ایک اور امریکی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

دوسری جانب ایران کے پاسدارانِ انقلاب (IRGC) نے دعویٰ کیا ہے کہ اتوار کے روز صوبہ اصفہان میں لاپتا امریکی افسر کی تلاش میں مصروف ایک امریکی طیارہ مار گرایا گیا۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق یہ سی-130 طرز کا طیارہ تھا جسے پولیس کی کمانڈو یونٹ “فراج رینجرز” نے تباہ کیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریسکیو آپریشن میں درجنوں فوجی طیارے شامل تھے اور اسے ایرانی مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

ریسکیو کے دوران جھڑپ

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ امریکی فورسز نے تقریباً دو دن تک ایرانی یونٹس سے بچتے رہنے والے پائلٹ کو گھیرے میں لے لیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق دن کی روشنی میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا اور ریسکیو کارروائی کئی گھنٹوں تک جاری رہی، حالانکہ عام طور پر ایسی کارروائیاں رات کے وقت تیزی سے مکمل کی جاتی ہیں۔

کویت میں ایک اور واقعہ

علاوہ ازیں ایک الگ واقعے میں اے-10 وارتھگ لڑاکا طیارہ کویت کے اوپر نشانہ بننے کے بعد گر کر تباہ ہوگیا، تاہم پائلٹ نے بروقت ایجیکٹ کر لیا۔ حکام کے مطابق عملے کی حالت کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

ٹرمپ کا ردعمل

صدر ٹرمپ نے ریسکیو آپریشن کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کارروائیاں بغیر کسی امریکی ہلاکت یا زخمی کے مکمل ہوئیں، جو ایران کی فضاؤں پر امریکی فضائی برتری کا ثبوت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *