|

وقتِ اشاعت :   April 5 – 2026

کوئٹہ:  صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے پشین کے علاقے یارو کا دورہ کرتے ہوئے حالیہ قتل کے واقعے پر دھرنے پر بیٹھے عوام اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔

انہوں نے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا، فاتحہ خوانی کی اور یقین دلایا کہ حکومت اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیر داخلہ نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے واقعے کو افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیا اور کہا کہ جس روز یہ سانحہ پیش آیا، اسی دن حکومت نے فوری نوٹس لیا تھا۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کسی صورت قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے اور انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

میر ضیا اللہ لانگو کا کہنا تھا کہ رشتہ نہ دینے جیسے معاملات کو جواز بنا کر کسی کی جان لینا نہ تو قبائلی روایات کا حصہ ہے اور نہ ہی قانون اس کی اجازت دیتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ ایسے واقعات کے تدارک کے لیے معاشرتی سطح پر بھی شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اور کسی بھی صورت قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *