کوئٹہ: سینئر سیاستدان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے پولیس حراست میں نوجوان اسرار قلندرانی کی پراسرارہلاکت کو المیہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی غیر جانبدارانہ اورشفاف تحقیقات کرکے اس کے والدین اور معاشرہ کو انصاف فراہم کیا جائے،
یہ بات انہوں نے پیر کے روز سراوان ہاؤس میں پولیس حراست میں جاں بحق ہونے والے اسرار قلندرانی کے والد محمد انور قلندرانی اور قلندرانی قبیلے کے عمائدین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر محمد انور قلندرانی نے اپنے بیٹے کی گرفتاری اورحوالات میں پراسرار ہلاکت سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا،
نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مزید کہاکہ بلوچستان ایک المیہ سے گزررہا ہے آئے روز نوجوانوں کی نعشیں مل رہی ہیں یا ان کو اپنے خاندانوں اور سماج سے سالوں جدا کیا جاتاہے اس المیہ سے نکلنے کیلئے ذاتی مفاد کو قومی مفاد کیلئے قربان کرناہوگا، سیاسی کارکن اجتماعی قومی نظم کی طرف توجہ دیں اگر یہ انتشاربرقرار رہا تو آئندہ آنے والی نسلیں بھی بحرانوں سے دوچار ہوں گی اورانہیں اپنے قومی وقار کو برقرار رکھنے کیلئے صدیاں لگیں گی،
انہوں نے کہاکہ آج کے نوجوانوں، دانشوروں، اہل قلم اور حقیقی سیاسی کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ بلوچستان کو اس بڑے بحران اور غم سے نکالنے کیلئے قومی نظم کی طرف توجہ دیتے ہوئے اجتماعی قومی امور کو ترجیح دیں سیاسی، سماجی، فرقہ واریت کی تقسیم سے باہر نکل کر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ ہم آگے بڑھیں۔
Leave a Reply