|

وقتِ اشاعت :   April 6 – 2026

کوئٹہ : بلوچستان گرینڈ الائنس کا ایک اعلیٰ سطحی اور نمائندہ وفد مرکزی آرگنائزر پروفیسر عبد القدوس کاکڑ کی قیادت میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور آل پارٹیز کمیٹی کے رکن ثناء بلوچ سے کوئٹہ میں اہم ملاقات کی۔

وفد میں ڈپٹی آرگنائزر حاجی شفاء مینگل، آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین حاجی محمد یونس کاکڑ، در محمد لانگو، رشیدہ سمالانی سمیت دیگر شامل تھے۔ملاقات کے دوران ملازمین کی جاری تحریک، حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات، اور موجودہ صورتحال پر نہایت سنجیدہ، تفصیلی اور نتیجہ خیز تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے ملازمین کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے اپنے مؤقف کو بھرپور انداز میں پیش کیا۔اس موقع پر ثناء بلوچ نے کہا کہ ”ملازمین کسی بھی ریاستی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں، اور ان کے بغیر نظامِ حکومت کا مؤثر انداز میں چلنا ممکن نہیں۔

”انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان نے آل پارٹیز کمیٹی کے اجلاس میں بلوچستان گرینڈ الائنس کے ساتھ جو وعدے (Commitments) کیے تھے، ان پر تاحال عملدرآمد نہیں ہو سکا، جو کہ نہایت تشویشناک اور افسوسناک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس غیر ضروری تاخیر کے باعث خصوصاً بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں فرائض سرانجام دینے والے ملازمین میں بے چینی، اضطراب اور مایوسی کی کیفیت پیدا ہو رہی ہے،

جس کا فوری تدارک ناگزیر ہے۔ثناء بلوچ نے واضح کیا کہ ”بلوچستان نیشنل پارٹی ایک حقیقی معنوں میں ملازم دوست جماعت ہے،

اور ہم ہر فورم—بالخصوص آل پارٹیز کمیٹی—میں ملازمین کے جائز حقوق کے حصول کے لیے ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔”انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ملازمین کے تمام مسائل، بالخصوص ڈی آر اے (DRA) کے حصول سمیت دیگر اہم مطالبات کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش بروئے کار لائی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *