|

وقتِ اشاعت :   April 7 – 2026

گوادر:  وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق یوتھ ڈویلپمنٹ کے فروغ کے لیے یوتھ سمٹ 2026 کی پروقار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی،

جس میں مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ اور سیکرٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز دْرا بلوچ نے مشترکہ طور پر افتتاح کیا اور شرکا سے خطاب کیا۔

تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ، چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نور الحق بلوچ، ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ، ڈی جی اسپورٹس یاسر بازئی سمیت دیگر اعلیٰ حکام، نوجوانوں اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض فرینہ خٹک نے خوش اسلوبی سے انجام دیے۔

یہ یوتھ سمٹ 7 اپریل سے 9 اپریل تک جاری رہے گی، جس میں بلوچستان کے ساتھ ساتھ ملک بھر سے نوجوانوں، ماہرین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بھرپور شرکت متوقع ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا کہ اس نوعیت کے ایونٹس نوجوانوں کے لیے سیکھنے، آگاہی حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوتھ سمٹ کے دوران نوجوانوں کو جدید رجحانات، نئی سوچ اور عملی آئیڈیاز سے روشناس کرایا جائے گا، جو ان کی شخصیت سازی اور مستقبل کی راہ متعین کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ یوتھ سمٹ کے ذریعے بلوچستان کا مثبت اور روشن تشخص اجاگر کیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان خیالات کے تبادلے سے فکری ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اس لیے ضروری ہے کہ انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرتے ہوئے قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جائے۔

اس موقع پر سیکرٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز دْرا بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل ہوتے ہیں۔

یوتھ سمٹ کا مقصد نوجوانوں کو درست سمت فراہم کرنا، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں ایک ذمہ دار شہری کے طور پر ابھارنا ہے۔

یوتھ سمٹ کی یہ تین روزہ تقریبات نوجوانوں کے لیے سیکھنے، رابطے بڑھانے اور نئے مواقع تلاش کرنے کا ایک منفرد پلیٹ فارم ثابت ہوں گی، جو صوبے میں مثبت تبدیلی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *