کوئٹہ: ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد بہرام خان نے کہا ہے کہ ایران میں جاری علاقائی صورتحال کے پیش نظر ایف آئی اے نے تفتان بارڈر پر امیگریشن اور بارڈر مینجمنٹ کے انتظامات مؤثر اور فعال رکھے ہیں28فروری سے 8اپریل تک تفتان بارڈر پر 10ہزار619مسافروں کی آمدورفت ریکارڈ کی گئی ہے۔
یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تفتان بارڈر پر آنے والے مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ سیکورٹی کے تقاضے بھی پورے کیے جا رہے ہیں،28 فروری 2026 سے 08 اپریل 2026 تک ایف آئی اے تفتان بارڈر پر 10 ہزار 619 مسافروں کی آمد ریکارڈ کی گئی،تفتان بارڈر پر آنے والے مسافروں میں پاکستانی شہری، طلباء ، زائرین اور دیگر افراد شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران سے پاکستان واپس آنے والے مسافروں کی بڑی تعداد موجودہ علاقائی صورتحال کے باعث تفتان بارڈر پہنچی۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے امیگریشن عملہ تفتان بارڈر پر چوبیس گھنٹے خدمات سرانجام دے رہا ہے، تمام آنے والے مسافروں کی بروقت امیگریشن کلیئرنس اور دستاویزات کی جانچ پڑتال یقینی بنائی جا رہی ہے۔
محمد بہرام خان نے کہا کہ تفتان بارڈر پر مسافروں کو ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں،ایف آئی اے کا وفاقی اور صوبائی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار ہے،مسافروں کی آمد و رفت کو منظم اور محفوظ بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے بارڈر مینجمنٹ کو محفوظ، منظم اور مؤثر انداز میں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، لک میں داخل ہونے والے مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
Leave a Reply