|

وقتِ اشاعت :   April 9 – 2026

مستونگ: آج مستونگ میں ایڈ بلوچستان کے زیرِ اہتمام بلوچستان رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2021 کے تحت میونسپل کمیٹی مستونگ کے چیئرمین کے دفتر میں ایک اہم آگاہی سیشن منعقد کیا گیا۔

اس سیشن کے مہمانِ خصوصی چیئرمین میٹروپولیٹن مستونگ ڈاکٹر فیصل منان تھے، جبکہ مستونگ کے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔

پروگرام کی میزبانی میر بہرام لہڑی نے کی، جبکہ رائٹ ٹو انفارمیشن سے متعلق جامع آگاہی ماسٹر ٹرینر وسیم باری نے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔ سیشن کے انتظامات ایڈ بلوچستان کی آفیسر رخسانہ عبدالحق نے احسن انداز میں انجام دیے۔

اپنے خطاب میں چیئرمین میٹروپولیٹن مستونگ ڈاکٹر فیصل منان نے کہا کہ بلوچستان رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2021 ایک اہم اور مؤثر قانون ہے، جس پر ضلع کی سطح پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈپٹی کمشنر مستونگ تمام سرکاری محکموں میں انفارمیشن افسران کی نامزدگی کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو بروقت معلومات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

سیشن کے دوران ماسٹر ٹرینر وسیم باری نے شرکاء کو رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے بنیادی نکات، شہریوں کے معلومات تک رسائی کے حقوق، اور اس قانون کے مؤثر استعمال کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر شرکاء کو بنیادی حقوق کے حصول اور ان سے متعلق آگاہی کے لیے ایک واضح روڈ میپ بھی فراہم کیا گیا۔

شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے تاکہ صوبے میں شفافیت اور احتساب کا نظام مضبوط ہو اور پائیدار ترقی کی راہ ہموار ہو سکے۔

پروگرام کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن کے قانون کے ذریعے عوام میں شعور اجاگر کیا جائے گا اور حکومتی اداروں میں شفافیت کو فروغ دیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *