|

وقتِ اشاعت :   April 13 – 2019

کوئٹہ : وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے معاون خصوصی وزیر اعظم سردار یار محمد رند کی اہم ملاقات ،ملاقات میں ملکی اور بلوچستان کی سیاسی و امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ،وزیراعظم کا کوئٹہ دھماکے پر اظہار افسوس زخمیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور پی ٹی آئی کے صوبائی صدر سرداریار محمد رند نے جمعہ کے روز وزیراعظم سیکرٹریٹ میں تفصیلی ملاقات کی ، سردار یار محمد رند نے وزیر اعظم کو انہیں دی گئی ذمہ داریوں اور صوبے میں پارٹی کی فعالیت پر تفصیلی بریفنگ دی جس پر وزیراعظم نے اطمینا ن کا اظہار کیا اور بلوچستان کی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم حصہ ہے صوبے کی ترقی سے ملک کا معاشی مستقبل منسلک ہے بلوچستان میں بجلی ،گیس ،پینے کے پانی کے حوالے سے درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات کیے جائیں گئے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں موجود معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقعے موجود ہیں بیرون ملک سے سرمایہ کاروں کو بلوچستان کی طرف متوجہ کر رہے ہیں وزیراعظم نے کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے پر مذمت کا اظہار کیااورواقعہ میں جانی نقصان پر دلی رنج و غم کا اظہار بھی کیا ۔

انہوں نے معاون خصوصی وصوبائی صدر سردار یار محمد رند کو شہداء کے خاندانوں تک اپنا پیغام پہنچانے اور زخمیوں کی بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات کی ،اس موقع پر سردار یار محمد رند نے وزیراعظم کو بلوچستان کی سیاسی و امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور انکا پیغام کوئٹہ دھماکے کے شہداء تک پہنچانے کی ذمہ داری بھی لی۔

دریں اثناء وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشرے میں مزدوروں کے حقوق کا تحفظ نہ صرف ہمارا قانونی بلکہ مذہبی اور اخلاقی فرض ہے، ہماری حکومت کی جانب سے کسی قسم کے سیاسی مفادات سے بالا تر ہو کر اٹھائے جانے والے تمام تر اقدامات عام افراد اورکمزور طبقوں کی بہتری ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کو پنجاب لیبر پالیسی اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی ۔اجلاس میں صوبائی وزیر محنت انصر مجید خان نیازی، ترجمان وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر شہباز گل، صوبائی سیکریٹری لیبر ڈیپارٹمنٹ و دیگر افسران نے شرکت کی ۔ 

مزدوروں کے حقوق اور عزت نفس کے تحفظ ، سازگار ماحول کی فراہمی اور ورکرز کی خوشحالی کے حوالے سے پنجاب حکومت کی جانب سے تشکیل جانے والے مختلف قوانین پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ان قوانین میں پنجاب آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ ایکٹ 2019، پنجاب ڈومیسٹک ورکرز ایکٹ 2019، پنجاب منیمم ویجز ایکٹ 2018، پنجاب ہوم بیسڈ ورکرز ایکٹ 2018، پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ ایکٹ 2019 اور کمپنیز پرافٹ ایکٹ2019 شامل ہیں۔ 

وزیر اعظم کو ان قوانین پر پیش رفت کے حوالے سے بھی بتایا گیا۔ اس مو قع پر وزیر اعظم کو مزدوروں اور لیبر کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے جانے والے دیگر اقدامات مثلا لیبر کالونیوں میں الاٹمنٹ میں شفافیت اور اسے منظم بنانے کے سلسلے میں اقدامات، ویلفیئر گرانٹس کی تقسیم اور پنجاب ویج بورڈ کی جانب سے مزدوروں کے لیے کم سے کم اجرت کو بڑھانے کے حوالے سے بھی زیر غور تجویز سے آگاہ کیا گیا ۔

وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ پنجاب ایمپلائیز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن کی جانب سے کاروبار کو آسان بنانے کے ضمن میں ریجسٹریشن کے عمل کو آن لائن کر دیا گیا۔ ۔رجسٹرڈ شدہ ریٹائرڈ ورکز کو ہیلتھ انشورنس مہیا کرنے کی سکیم بھی زیر غور ہے۔ 

پنجاب ایمپلائیز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹؤشن کے ہسپتالوں میں مرحلہ وار ہیلتھ منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے ۔پنجاب میں مزدوروں کے لیے ‘‘لائلٹی سکیم” کے تحت مزدوروں کے اسپیشل کارڈز بنانے کی تجویز بھی زیر غور ہے جس کے تحت رجسٹرڈ شدہ مزدوروں کو یوٹیلیٹی سٹورز اور ریلوے میں رعایت دینا مقصود ہے۔ 

وزیر اعظم نے پنجاب حکومت کی جانب سے مزدوروں اور خصوصا گھروں میں کام کرنے والے افراد کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ گھروں میں کام کرنے والے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے سے متعلق قوانین پر عمل درآمد پر خصوصی توجہ دی جائے۔انکا کہنا تھا کہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قوانین بنانا ہی کافی نہیں اصل چیلنج ان قوانین پر انکی روح کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔