|

وقتِ اشاعت :   June 16 – 2019

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیار نے کہا ہے کہ صوبوں کو رواں مالی سال کے دوران 2450 ارب روپے دیئے گئے، آئندہ مالی سال کے دوران 3355 ارب روپے کا حصہ دیا جائیگا،بلوچستان میں 76 ارب روپیکے پراجیکٹس لیکر آرہے ہیں۔

کے پی میں 48 ارب روپے کے پراجیکٹس لگیں گے، کراچی کیلئے 45 پراجیکٹس ہیں، جن کیلئے 34 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، 8 ارب روپے کے نئے منصوبے اسلام آباد کے لئے ہیں، اس وقت بجلی کے شعبے میں ٹرانسمیشن کاچیلنج ہے، بجلی کی مد میں 80 ارب روپے مختص کئے ہیں،ایگری کلچرکے لئے گزشتہ سال 1 ارب رکھے گئے تھے، رواں سال 12 ارب مختص کیے گئے ہیں۔

گرین کلین منصوبے کے لئے 9.5 ارب روپے رکھے ہیں، آئندہ مالی سال کے دوران 295 جاری منصوبوں کی تکمیل ہو گی،قطر کے ساتھ ہمارے تعلقات خراب نہیں، ہماری خارجہ پالیسی آزاد ہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیلنجوں کے باوجود سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم 951 ارب روپے رکھا گیا ہے جس کے اندر اڑھائی سو ارب پبلک پرائیویٹ سیکٹر کے تحت ہیں، اس کے تحت بڑے منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

ترقیاتی بجٹ کے حوالہ سے ہماری سوچ تھی کہ جو شعبہ جات ترقیاتی بجٹ سے محروم رہے وہاں خصوصی توجہ مرکوز کریں۔ فاٹا کیلئے 73 ارب روپے رکھے گئے ہیں، بحالی کی رقم الگ ہے، بلوچستان کیلئے 76 ارب روپے کے منصوبے لا رہے ہیں، جنوبی پنجاب، اندرون سندھ اور کے پی کے کے پسماندہ علاقوں کیلئے 48 ارب روپے کے منصوبے لے کر آ رہے ہیں، کراچی کیلئے 34 ارب روپے کے 45 منصوبے رکھے گئے ہیں، اسلام آباد کیلئے 8 ارب روپے کے نئے منصوبے رکھے گئے ہیں۔

بلوچستان ہمارے ترقیاتی پروگرام کا محور رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے شعبہ میں بہتری کے منصوبے رکھے گئے ہیں، سمارٹ میٹرنگ اور ٹرانسمیشن لائنز کی بہتری شامل ہے، پانی کی مد میں 70 ارب روپے رکھے گئے ہیں، زراعت کیلئے 12 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گرین پاکستان اور سونامی بلین ٹری کے ساتھ ساتھ سیاحت کیلئے ساڑھے 9 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کیلئے مضبوط فریم اور اعلی تعلیم کیلئے 41 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، ہنرمند نوجوان پروگرام کیلئے 10 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل ہمارا ہدف ہے، 295 جاری منصوبے مکمل کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ بڑے ڈیموں کیلئے 70 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں‘ کچھی کینال منصوبے کیلئے 8 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ اس پر 80ارب روپے صرف کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ محصولات کے ہدف میں 35 فیصد اضافہ کیا گیا ہے‘ صوبوں کو رواں مالی سال کے دوران 2450 ارب روپے دیئے گئے جبکہ آئندہ مالی سال کے دوران انہیں 3355 ارب روپے کا حصہ دیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ قطر کے ساتھ ہمارے تعلقات خراب نہیں، ہماری خارجہ پالیسی آزاد ہے۔

انہوں نے کہاکہ امیر قطر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے،دورے کے دوران اہم پیش رفت ہو گی۔انہوں نے کہاکہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے ساتھ 3 ارب 20 کروڑ ڈالر کا معاہدہ کیا ہے،ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو بجٹری سپورٹ کیلئے قرض فراہم کیا ہے،ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان میں 6 ارب ڈالر ترقیاتی منصوبوں کیلئے امداد فراہم کر رہا ہے۔