کوئٹہ/گوادر: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کو اب تک سی پیک میں صرف دو منصوبے ملے ہیں ماضی میں گوادر کے ساتھ غیر سنجیدہ رویہ اختیار کیا گیا جس کی وجہ سے یہاں پانی، بجلی، سکیورٹی کے مسائل ہیں، گوادر میں سرمایہ کاروں کے لئے ون ونڈو آپریشن شروع کریں گے۔
چینی حکومت سے فنڈز کے لئے بات کریں گے،گوادر ماسٹر پلان پر عمل درآمد کے لئے وفاقی و صوبائی پی ایس ڈی پی میں اسکیمات رکھی ہیں،یہ بات انہوں نے گوادر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کہا کہ ماضی میں وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے لئے سی پیک میں صرف حبکو اور گوادر پورٹ کے منصوبے رکھے گئے جنکا بلوچستان کے عوام کو براہ راست کوئی فائدہ نہیں یہاں پر انفرسٹرکچر بنانے کی ضرورت تھی۔
جس پر توجہ نہیں دی گئی بلوچستان کی سابقہ حکومت نے1ارب 40کروڑ ڈالر کی لاگت کے پٹ فیڈر کینال سے کوئٹہ کو پانی کی فراہمی اور کوئٹہ میں ٹرین کے منصوبے مانگے تھے یہ منصوبے بھی ایک کمرشل بینک سے قرض لیکر بننے تھے جنہیں ہم نے منسوخ کردیا ہے،انہوں نے کہا کہ گوادر ماسٹر پلان پر طویل مشاورت کی گئی گوادر کے ساتھ ماضی میں ہمیشہ غیر سنجیدہ رویہ رکھا گیا صرف کاغذات کی حدتک فرضی کام ہوئے عملی طور پر گوادر پر کسی قسم کی توجہ نہیں دی گئی۔
گوادر میں اب بھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے گوادر میں سیکورٹی،پانی،توانائی کے مسائل ہیں ہمیں سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنے کیلئے ان مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہو ں نے کہا کہ گوادر میں پانی کے تین منصوبوں کاافتتاح کردیا گیا ہے گوادر کے تینوں ڈیموں سے عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی جاری ہے جبکہ ڈیموں میں ذخیرہ بھی موجود ہے گوادر کی سیکورٹی کیلئے نیا ڈویژن بنادیا گیا ہے جبکہ ضلع بھر کو اے ایریاقراردیدیا گیا ہے بجلی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے گرڈ اسٹیشن کی اسکیم وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل ہے جو دوسال میں مکمل ہوگی اسکے علاوہ اورماڑہ اور پسنی کو بھی ٹرانسمیشن کی بہتری کیلئے کام جاری ہے۔
گوادر میں کوئلے سے چلنے والا بجلی گھر بھی فعال کرنے کیلئے کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار صوبے میں اسوقت آئیں گے جب ہم انہیں بہتر ماحول فراہم کریں گے اس سلسلے میں ون ونڈو آپریشن شروع کیا جارہا ہے ابھی تک سرمایہ کاروں میں خود اعتمادی پیدا نہیں ہوئی۔
کہ وہ دوسرے صوبوں کی نسبت بلوچستان میں کام کریں۔انہوں نے کہا کہ جیڈا کو ہدایت جاری کی ہے کہ ڈرائیور،گارڈز اور دیگر غیر منافع بخش اور غیر متعلقہ افراد کو پلاٹ الاٹ کئے ہیں ان تمام الاٹمنٹ کو منسوخ کیا جائے غلط فیصلوں کے غلط نتائج ہوتے ہیں یہ ماسٹر پلان جو آج ہم بنارہے ہیں اسے آٹھ سال قبل بننا چاہئے تھا ہمیں چائنیز ماسٹر پلان ملا ہے اس پر نظرثانی کریں گے۔
اور جلد ہی ایک بہتر ماسٹر پلان تیار ہوگا گوادر کو چار زونز میں تقسیم کرکے پورے ضلع کو اقتصادی ترقی کی جانب لیکرجائیں گے جبکہ گوادرکے حوالے سے قانون سازی بھی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کوساتھ ملاکر ایس او پی بنارہے ہیں پندرہ دن کے اندر اندر نئی گائیڈ لائن بنائیں گے جس کے تحت لوگوں کو معلوم ہوگا کہ انہیں کام کہاں اور کیسے کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے کی استعداد کار بڑھارہے ہیں گوادر کو سمارٹ سٹی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوکنڈی سے گوادر تک ہائی وے بنایا جائے گا ہم چینی حکومت سے ایک نئے انداز میں بات کرنے جارہے ہیں۔
جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔دریں اثناء زیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ اس وقت تمام دنیا کی نظریں گوادر پر مرکوز ہیں، سرمایہ کار گوادر آنا چاہتے ہیں، ہم نے گوادر میں پرامن اور سرمایہ کار دوست ماحول دینا ہے، گوادر کی ترقی میں مقامی آبادی کے مفادات کو ہر صورت تحفظ دینا حکومت کی پالیسی اور اولین ترجیح ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ضلع اور ڈویژنل افسران کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کمشنر مکران ڈویژن، ڈی آئی جی مکران رینج سمیت تمام محکموں کے ضلعی سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی اور اجلاس کو اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی، امن کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی محکمے اور ضلعی افسران عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنائیں اور ترقیاتی منصوبوں کی معیاری اوربروقت تکمیل کے ہدف کو حاصل کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اساتذہ اور ڈاکٹروں کی غیر حاضری کسی صورت قابل قبول نہیں، غیر حاضر اساتذہ او رڈاکٹروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی، وزیراعلیٰ نے سیکیورٹی اداروں کو ہر دم مستعد اور متحرک رہتے ہوئے مکران ڈویژن میں امن کے قیام اور عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ نے گوادر سمیت تمام اضلاع میں منشیات اور نشہ آور اشیاء کے تدارک اور اس کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کاروائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ افراد معاشرے کے ناسورہیں جو ہماری نسلوں کو تباہ کرنا چاہتے ہیں جنہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جاسکتا۔صوبائی وزیر میر ظہوراحمد بلیدی بھی اجلاس میں شریک تھے۔
وزیراعلیٰ کا دورہ گوادر،مختلف منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا
گوادر(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اپنے دورہ گوادر کے دوران مختلف اہم منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ ہفتہ کے روز وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی نئی عمارت کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جس پر لاگت کا تخمینہ 15کروڑ روپے ہے۔
واضح رہے کہ اپنے گذشتہ دورہ میں انہوں نے گوادر ہسپتال کے معائنے کے دوران ہسپتال کی عمارت کی خستہ حالی کا نوٹس لیتے ہوئے نئی عمارت کی تعمیر کی ہدایت کی تھی جس کی روشنی میں رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں اس منصوبے کو شامل کیا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے چھ کروڑ روپے کی لاگت کے کڈنی سینٹر کے قیام کے منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا جس میں ڈائیلاسز سمیت گردے کے امراض کے علاج کی تمام جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ نے پدیزر ایونیو میں گرین گوادر مہم کے تحت تعمیر کئے جانے والے پارک کا سنگ بنیاد رکھا اور وہاں پودا لگاکر گرین گوادر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا، وزیراعلیٰ نے سنگھار ہاؤسنگ اسکیم میں انفراسٹرکچر کی فراہمی کے منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا اور ہدایت کی کہ ہاؤسنگ اسکیم میں بنیادی ڈھانچے کی جلد از جلد فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ یہاں تعمیراتی عمل کا آغاز ہوسکے