لسبیلہ: وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، حکومت صحت تعلیم اور دوردراز علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لسبیلہ کے علاقے کنراج، دودھر اور بیلہ میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے اور افتتاح کرنے کے موقع پر منعقدہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزراء میر عارف جان محمدحسنی، مٹھاخان کاکڑ، صوبائی سیکریٹری، سابق صوبائی وزیر پرنس علی بلوچ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں میں ترقیاتی فنڈز پسند نا پسند کی بنیاد پر تقسیم کئے جاتے رہے۔
اربوں روپے کی اسکیمات آج بھی ادھوری ہیں، ہم نے عزم کررکھا ہے کہ ان اسکیمات کو مکمل کرینگے، وسائل کا ضیاع نہیں ہونے دیں گے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لسبیلہ کے لوگ بردبار امن پسند اور مہمان نواز ہیں، مہمانوں کی عزت ہمارے ضلع و صوبے کی روایت اور یہاں کے لوگوں کی پہچان ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ عوام کو انفراسٹرکچر کی بہترین سہولیات میسر ہوں،کنراج میں صاحب خان گوٹھ سے 23 کلومیٹر سڑک کی بحالی اسکیم کی تعمیر یقینی بنائیں گے۔
جام کمال نے کہا کہ کنراج میں دو ڈیمز کے منصوبوں پر جلد کام شروع ہوگا،اگر ہم ایم پی اے فنڈز سے ان اسکیمات پر کام کرنا چاہتے تو شاید ممکن نہ ہوتا اللہ تعالیٰ لسبیلہ اور صوبہ کے عوام نے جو منصب دیا ہے انشاء اللہ عوامی خدمت کی مثال قائم کرینگے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں بیروزگاری کا ہمیں احساس ہے لیویز پولیس اور دیگر محکموں کی اسامیوں کو مشتہر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ مواصلات وتعمیرات اور لائیو اسٹاک کے وزراء اور سیکرٹریز کو دورے میں ساتھ لانے کا مقصد یہی ہے کہ صوبے کے نما ئندے اور سیکرٹریز کو دیہی علاقوں کے لوگوں کے مسائل سے آگہی ہو تاکہ وہ کوئٹہ میں بیٹھ کر پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے بہتر منصوبہ بندی کریں اور یہاں کے لوگ خوشحال اور صوبے کے وسائل کا درست استعمال ہو،وزیر اعلی نے کنراج میں گرلز ہائی اسکول کے قیام، بوائز ہائی اسکول کو ہائر سکینڈری کا درجہ دینے اور آر ایچ سی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ مکینوں نے جن بنیادی سہولیات کا مطالبہ سپاسنامہ میں کیا ہے۔
ان منصوبوں کی منظوری ہم پہلے دے چکے ہیں،قبل ازیں بیلہ میں کثیر لاگت سے تعمیر ہونے والے نرگ ڈوھورا فلڈ اریگیشن اسکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ انہوں نے عوام سے جو بھی وعدے کئے ہیں بتدریج ان پر عملدرآمد کا آغاز کردیا گیا اور انہیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کرکے عوام تک ان کے ثمرات پہنچائے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ نرگ ڈھورا فلڈ اریگیشن اسکیم کی تکمیل سے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا ہوا ہے۔
اس منصوبے سے علاقے کے زمینداروں اور کاشتکاروں کو فائدہ پہنچے گا اور مقامی معیشت بہتر ہوگی، دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور صوبائی وزراء عارف جان محمد حسنی اور مٹھاخان کا کڑ کا کنراج پہنچنے پر کمشنر قلات ڈویژن حافظ محمد طاہر، ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر احمد مینگل اور قبائلی عمائدین وڈیرہ عبدالکریم جاموٹ، حاجی عبدالستار جاموٹ، رسالدار محمد ابراہیم جاموٹ اور دیگر نے والہانہ استقبال کیا اور مہمانوں کو اجرکیں پیش کی گئیں۔
وزیر اعلی کی کنراج آمد پر اسکول کے بچوں نے ان پر پھول نچھاور کئے،وزیر اعلی نے دورہ کنراج کے موقع پر 20 کروڑ روپے کی لاگت سے صاحب خان گوٹھ تا عبدالحمان گوٹھ روڈ کے تعمیراتی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، ایگزیکٹیو انجینئر سی اینڈ ڈبلیو بہرام گچکی نے پراجیکٹ کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی، سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں جاموٹ اقوام کی تمام شاخوں کے نما ئندوں نے غلام محمد عرف گلو جاموٹ قاسم جاموٹ اور جاوید جاموٹ کی قیادت میں تقریب میں شرکت کی۔