پشاور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ اگر انہوں نے مشکل وقت کا مقابلہ کرنا نہ سیکھا ہوتا تو حکومت ملتے ہی گھر چلےجاتے۔
پشاور میں انڈر 21 گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلے سے نوجوانوں کا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا، کھیلوں سے انسان صحت مند رہتا ہے اور کھیل آپ کو اپنی زندگی میں مقابلہ کرنا سکھاتے ہیں لہٰذا چیمپئن وہ ہوتا ہے جو ہارنے سے ڈرنے کی بجائے سیکھتا ہے۔
انہوں نےکہا کہ زندگی مقابلے کا نام ہے، ہارنے سے ڈرنا نہیں سیکھنا ہے، انسان تب ہارتا ہےجب وہ ہارمان لیتا ہے، میں اگراسپورٹس نہ کھیلتا تو 22 سالہ سیاست میں مقابلہ نہ کرتا اور بہت پہلے ہارمان جاتا، اگر میں نے مشکل وقت کا مقابلہ کرنا نہ سیکھا ہوتا تو یہ جو حکومت ملی، ڈیڑھ سال میں ہاتھ کھڑے کرکے گھر چلا جاتا اور ہار مان چکا ہوتا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زندگی اونچ نیچ کا نام ہے،انسان جب گر کر کھڑا ہوتا ہے توپہلے سے زیادہ طاقتور ہوتا ہے، اسی طرح جب قوم مشکل وقت کا مقابلہ کرتی ہے تو اور مضبوط ہوتی ہے، آپ اس قوم کا حصہ ہیں جس نے دنیا کی عظیم ترین قوم بننا ہے۔