|

وقتِ اشاعت :   April 28 – 2020

ملک میں کورونا وائرس سے  آج اب تک مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 308 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 14414 تک جا پہنچی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 104 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ میں 92 اور پنجاب سندھ میں 91 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔

آج کے کیسز کی صورتحال

آج بروز منگل ملک بھر سے اب تک کورونا کے مزید 357 کیسز سامنے آئے ہیں اور 9 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جن میں سے سندھ میں 335 کیسز اور 7 ہلاکتیں، اسلام آباد 16 کیسز ایک ہلاکت، بلوچستان ایک ہلاکت اور آزاد کشمیر سے 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ

صوبے میں آج کورونا کے مزید 335 کیسز رپورٹ ہوئے اور 9 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا میں مبتلا مریضوں کی تعداد 5291 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 92 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ  آج 37 مریض صحتیاب ہوکر اپنے گھروں کو چلے گئے جس کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 936 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 16 کیسز سامنے آئے ہیں اور ایک ہلاکت بھی ہوئی ہے جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔

نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 261 اور ہلاکتیں 4 ہوگئی ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں آج کورونا سے مزید ایک ہلاکت سامنے آئی ہے جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔

محکمہ صحت کےمطابق صوبے میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق بلوچستان میں پیر کو کورونا کے مزید 72 مریض سامنے آئے جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 853 ہوگئی۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا کے 177 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر سے آج بروز منگل کورونا کے مزید 6 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 65 ہوگئی ہے۔

پنجاب

پنجاب سے پیر کو کورونا کے مزید 194 مریض سامنے آئے اور 10 ہلاکتیں بھی ہوئیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق پنجاب میں کورونا کے نئے کیسز کے بعد مجموعی مریضوں کی تعداد 5640 اور ہلاکتیں 91 ہوگئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ 1306 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں پیر کو کورونا وائرس کے 120 نئے کیسز اور 6 اموات بھی سامنے آئیں۔ مزید 6 افراد کی ہلاکت کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 104 ہوگئی۔

صوبائی وزارت صحت کے مطابق پشاور میں 4، مالاکنڈ اور باجوڈ میں ایک ایک شخص کورونا سے جاں بحق ہوا۔ 

صوبے میں مزید 120 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 1984 ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں اب تک 533 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں پیر کو مزید 2 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 320 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق مزید 3 افراد کے صحت یاب ہونے کے بعد اب تک 222 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔