|

وقتِ اشاعت :   September 25 – 2014

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ رات پارٹی کے سیکٹر آفس پر رینجرز کے چھاپے کے بعد مہاجر دشمنی کے خلاف کراچی میں دھرنے دیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر بطور احتجاج دھرنا دینے والے مظاہرین سے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے آج علی الصبح خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیکٹر آفس پر چھاپے میں ملؤث رینجرز اہلکاروں کو برطرف کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عسکری ونگ تمام سیاسی جماعتوں میں موجود ہیں، لیکن رینجرز کی جانب سے صرف ایم کیو ایم کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ رات کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر واقع ایم کیو ایم سیکٹر آفس پر چھاپا مار کر تیس سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرلیا تھا۔

دھرنے کے لیے نو مقامات کا انتخاب


ان نو مقامات میں گلشنِ اقبال، نمائش، لیاقت آباد، رضویہ، لانڈھی، شاہراہ فیصل، گرومندر، ناگن چورنگی اور وزیراعلیٰ ہاوس شامل ہیں۔ایم کیو ایم نے کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف کراچی شہر میں دھرنے کے لیے نو مقامات کا انتخاب کیا ہے۔

نجی تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ


کراچی شہر میں ایم کیو ایم کے دھرنوں کے بعد پرائیوٹ اسکول منیجمنٹ نے تمام اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی اسکولز منیجمنٹ کے سربراہ شرف الزماں نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے صبح کے وقت شہر کے تمام اسکولز کھل گئے تھے،تاہم ٹریفک جام اور شہر کے مختلف علاقوں میں حالات کے کشیدہ ہونے کی وجہ سے بہت سے تعلیمی اداروں کو اسکول انتظامیہ نے خود بند کردیا۔ دوسری جانب جامعہ کراچی کے تحت ہونے والے تمام پرچے بھی ملتوی کردیے گئے ہیں۔   دوسری جانب ایم کیو ایم کا کہنا ہے جس وقت رینجرز نے سیکٹر آفسر پر چھاپہ مارا، وہاں جنرل ورکرز کا ایک اجلاس جاری تھا۔اس واقعہ کے بعد ان کارکنان کے اہلِ خانہ بطور احتجاج وزیراعلیٰ ہاوس کے سامنے اکھٹا ہوگئے تھے۔ اس واقعہ کے بعد جمعرات کی صبح وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر مظاہرین سے خطاب میں الطاف حسین نے کارکنوں کی گرفتاری پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے پُرامن کارکنوں بلاجواز گرفتار کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آج ملک میں لاقانونیت کا راج ہے جس کی وجہ سے یہ واقعات جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے مہاجر دشمنی کے خلاف آج سے کراچی بھر میں دھرنے دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ شہر کے حق پرست عوام بہادری سے اپنے حقوق کے لیے لڑتے رہیں گے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ‘بڑے شیطان’ نے کراچی میں امن کی عدالت لگائی اور ایم کیو ایم کے اوپر عدالت پر قبضہ کرنے کا الزام لگا دیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر وہ کون سے عناصر ہیں جو شہر کا امن خراب کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا جب رینجرز نے آپریشن شروع کیا تو ہم نے اس کی حمایت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ خود عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں میں عسکری ونگ موجود ہیں، پھر متحدہ میں ہی کیوں عسکری ونگ کو تلاش کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا میں بھی کچھ عناصر موجود ہیں جو ایم کیو ایم کے خلاف پروپیگنڈہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلشن معمار میں سیکٹر آفسر پر چھاپے کے بعد ضبط کا بندھن ٹوٹ گیا ہے۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے اس واقعہ کے بعد رابطہ کرنے کی کوشش کی، لیکن تین گھنٹے سے رابطہ نہیں ہوسکا۔ ایم کیو ایم کے قائد نے خبر دار کیا کہ رینجرز اب تیاری کرلے اور جتنے چھاپے مارنے ہیں مارلے۔ انہوں نے کہا کہ جب لاہور اور اسلام آباد میں دھرنے ہوسکتے ہیں تو کراچی میں کیوں نہیں۔ اس سے قبل رات گئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا تھا جس کے مطابق چھاپے کے وقت 500 سے زائد کارکنان و ذمہ داران کے ساتھ خواتین کی بھی بڑی تعداد اس اجلاس میں شریک تھی۔ رابطہ کمیٹی کے مطابق صوبائی وزیر فیصل سبزواری، رکن قومی اسمبلی مزمل قریشی اور اراکین رابطہ کمیٹی کو چھاپے کے دوران دفتر میں داخل ہونے سے روکا گیا۔

ایم کیو ایم کا سندھ اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ


گلشنِ معمار میں سیکٹر آفس پر رینجرز کے چھاپے اور گرفتاریوں کے خلاف ایم کیو ایم نے آج ہونے والے سندھ اسمبلی کے اجلاس سے بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے پہلے فیصلہ کیا تھا کہ وہ کارکنان کی گرفتاریوں کے معاملے کو سندھ اسمبلی کے ایوان میں اٹھائے گی، لیکن بعد میں اس اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب بدھ کی رات کو حراست میں لیے جانے والے تیس سے کارکنوں میں سے رینجرز نے آٹھ کو رہا کردیا، تاہم اب بھی متعدد کارکن زیرِ حراست ہیں جس کے خلاف کراچی بھر میں دھرنے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کراچی کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام


ایم کیو ایم کی جانب سے شہر کے نو مقامات پر دھرنوں کے فیصلے کے بعد انتظامی طور پر تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، جس کے باعث کچھ اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ایم کیو ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ نمائش چورنگی پر دھرنے کی وجہ سے شہر کی مرکزی شاہراہ ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک جام ہے، جس سے شہریوں کو سخت مشکالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ایم کیو ایم سے رابطے میں ہیں، جلد معاملہ حل ہوجائے گا، شرجیل میمن


میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ متحدہ کے کارکنوں کی گرفتاری کے بارے میں رینجرز سے وضاحت طلب کرلی ہے۔وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہےکہ گزشتہ رات گلشن معمار میں رینجرز کی کارروائی کے بعد ایم کیو ایم سے رابطے میں ہیں اور امید ہے جلد معاملہ حل ہوجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے معاملے کو بات چیت کی میز پر لاکر حل کیا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا ایم کیو ایم سے رابطہ


وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے متحدہ کے رہنماؤں سے رابطہ کرکے گزشتہ رات سیکٹر آف پر رینجرز کے چھاپے اور کارکنان کی گرفتاری پر افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سندھ میں پیپلز پارٹی کی ایک اتحادی جماعت ہے اور اس کے خلاف اس طرح کی کارروائی ناقبلِ قبول ہے۔