دالبندین: آئی جی ایف سی ساؤتھ بلوچستان سرفراز علی بریگیڈیئر سیکٹر کمانڈ ساؤتھ بلوچستان ثاقب نثار نے ونگ کمانڈر ایف سی 148 ونگ تفتان رائفلز کے محمد طارق کے ہمراہ پاک ایران سرحدی علاقے راجئے کا تفصیلی دورہ کیا اس موقع پر سرحدی علاقے کے سربراہ قبائلی رہنماء و بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی صدر میر اسفندیار خان یار محمد زئی، دفعدار ستار یارمحمد زئی،شہداد خان یار محمد زئی حاجی محمد یعقوب یار محمد زئی،ملک لقمان یار محمد زئی۔
عبدالغنی یار محمد زئی سمیت دیگر عمائدین بھی موجود تھے۔قبائلی رہنماء میر اسفندیار خان یار محمد زئی نے آئی جی ایف سی ساؤتھ بلوچستان سرفراز بریگیڈیئر سیکٹر کمانڈ ساؤتھ بلوچستان ثاقب نثار اور دیگر کو خوش آمدید کہتے ہوئے علاقے کے مسائل کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کر دیا اور وہاں پر موجود قبائلی عمائدین کی تعارف بھی کی بالخصوص ایف سی بلوچستان کی جانب سے اسکول کھولنے پر ان کا خصوصی طور شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایف سی بلوچستان کی جانب سے راجئے وادیان گوالشتاپ و گردونواح میں مکمل امن وامان برقرار ہے ایف سی نے علاقے میں اجتماعی کام کئے ہیں جو کہ نیک شگون ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع اور سلامتی کی خاطر عوام بھی ایف سی کے ساتھ کھڑے ہیں ایف سی کے بہادر جوانوں نے دلیری اور بہادری کا مظاہرہ کرکے صوبے میں امن و سلامتی کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں کے لوگ بھی دل سے محب وطن اور سچے پاکستانی ہیں۔ بلوچستان میں امن وامان برقرار رکھنے کے لیے ایف سی کی قربانیاں روز روشن کی طرح عیاں ہے عوام ایف سی کے ساتھ مل کر ملکی دفاع اور سلامتی کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
اس موقع پر آئی جی ایف سی ساؤتھ بلوچستان سرفراز علی نے کہا کہ فرنٹیئر کور بلوچستان سرحدی علاقوں کے لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوششیں کررہی ہے ایف سی اور عوام کے درمیان کوئی فرق نہیں امن وامان اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے بھرپور انداز اپنا کردار ادا کریں گے انہوں نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت کرنے کے لیے ایف سی نے یہاں کے عوام اور قبائل کی مدد سے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔