کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام بلوچستان کی صوبائی مجلس عاملہ اور پارلیمانی گروپ کا اجلاس جمعیت صوبائی سیکرٹرٹ چمن ہاؤسنگ سکیم میں زیر صدارت صوبائی امیر رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الواسع منعقد ہوا جس میں اراکین نے شرکت کی اجلاس میں صوبائی سطح پر جمعیت علماء اسلام کی سرگرمیوں، کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے جلسہ کو کامیاب بنانے کے حوالے کارکنوں کی محنت سمیت ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر کافی غور و خوض ہوا۔
اور صوبائی حکومت کے رویہ اور کارکردگی کے متعلق بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے اجلاس کو آگاہ کیا، اجلاس میں اضلاع سے آئے ہوئے خطوط پڑھ کر سنائے گئے جمعیت علماء اسلام کی سرگرمیوں اور پالیسی کے متعلق اہم فیصلے کیے گئے جو سرکلر کی شکل میں تمام ماتحت ضلعی جماعتوں کوراونہ کئے جائیں گے اجلاس میں حکومت کی جانب سے پی ڈی ایم ملتان کے جلسہ عام کے خلاف اوچھے ہتھکنڈوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قرارداد پاس کی گئی۔
جس پر صوبائی امیر رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الواسع نے کہا کہ حکومت نے حواس باختگی کے عالم میں وقت سے پہلے طبل جنگ بجادیا اب وقت سے پہلے ہی جانا پڑے گا ماضی میں کھانا اور کنٹینر کی فراہمی کی بات کرنے والوں نے پرامن جمہوری کارکنوں پر تشدد کیا اور حبس بے جا میں رکھ کر ثابت کردیا کہ وہ ذہنی طور پرمکمل مفلوج ہوچکے ہیں موجودہ حکومت کے بھیانک اختتام پر پوری قوم متحد ہوچکی ہے۔
انہوں نے پی ڈی ایم کے کارکنوں اور قائدین کے خلاف مقدمات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جعلی حکومت کے ظلم اور بربریت کے دن ختم ہونے والے ہیں سیاسی کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں اس کا سامنا کرنا کسی کے بس کی بات نہیں ہوگی انہوں نے کہا کہ ملک کے غریب عوام کو بے گھر کرنے اور ان کے منہ کا نوالہ چھیننے والے بہتری کی امیدیں دلانے کی بات کرتے ہوئے شرم کریں۔
ملک کو جس قدر ڈبودیا ہے کہ اب آنے والے کئی سال بہتری ممکن نہیں مزید ملک میں انارکی اور شورش کامتحمل نہیں ہے کیونکہ قوم کا ہر فرد یہ جانتا ہے کہ مزید نااہل سلیکٹڈ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں وہ دور اب دور نہیں کہ عوام کی خواہش کے مطابق پاکستان چل پڑجائے انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کے نام پر دو سال کے اندر پاکستان کو کئی سال پرانا بنادیا۔
اب پی ڈی ایم کے سربراہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کی کال پر ملک بھر کی طرح بلوچستان کے کارکن پرامن جمہوری قوت کا مظاہرہ کرنے میں صف اول کا کردار ادا کرنے سے دریغ نہیں کریں گے اس حوالے سے ہم ہمہ وقت تیار ہیں اس وقت پاکستان کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے عوام کے قدم بہ قدم چلنا اور ان کی زبان بننا حب الوطنی کی سیاست کی عکاسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ہر محاذ پر پاکستان دیوالیہ پن کا شکار ہوچکا ہے افسوس کا مقام ہے کہ کوئی ہمسایہ اور دوست ملک ہماری حمایت میں دو لفظ بولنے کیلئے تیار نہیں ہے جس کی خاص وجہ ناتجربہ کار اور نااہل حکمرانوں کی ناقص اور کمزور پالیساں ہیں انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ایک محب وطن جماعت کی حیثیت سے ملک کے دفاع اور استحکام پر یقین رکھتے ہوئے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی ہر قسم حمایت جاری رکھے کی۔
انہوں نے کہا کہ دوسری جانب خون پسینے سے ملک کی خدمت کرنے والے آج بھی استحصال کا شکار ہیں، بلکہ روزگار چھین جانے سے خودکشی پر مجبور ہوچکے ہیں پاکستان کو ایک فلاحی ریاست میں تبدیل کرنے آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے قوم کو بیدار کریگی جمعیت علماء اسلام سمجھتی ہے کہ یہ کٹھ پتلی حکومت ملک کی معاشی اور نظریاتی قاتل ہے اس حوالے سے ہر فرد کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اسلامی نظریے کی حفاظت کے لیے اپنا کردار اداکریں۔
کیوں کہ اس وقت تک ہماری پالیسی پر امریکی و بیرونی سامراج کا دباؤ رہا ہے انہوں نے کہا کہ ہماری آج کی جدوجہد سے ہی ہماری کل آنے والی نسل سکھ کا سانس لے پائیگی کیونکہ جمعیت علماء اسلام ملک میں حقیقی آزادی کے تصور کے ساتھ قوم کو لائحہ عمل دے کر آزادی کے نصب العین حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی انہوں نے کہا کہ آزادی کے مقاصد کے حصول کیلئے ہماری جدوجہد جاری ہے۔
دو قومی نظریہ اور اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں اسلامی شعائر کی حفاظت کیلئے آج بھی ہماری جدو جہد جاری ہے، جمعیت علماء اسلام جمہوری انداز میں رہنے کیلئے عوام کو شرافت کی سیاست سے روشناس کرایا جمعیت علماء اسلام نے پاکستان میں دلیل اور پرامن سیاست کے فروغ کیلئے جو وصول متعارف کروائے وہ تمام جماعتوں کیلئے مشعل راہ ہے۔