کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان نہ صرف اپنے محل وقوع کے اعتبار سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے بلکہ یہاں بین الاقوامی اور قومی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع بھی موجود ہیں۔ گورنر یاسین زئی نے کہا کہ صوبے کے بہترین محل وقوع اور قیمتی وسائل و معدنیات ہی ہمارے روشن مستقبل کیلئے موثر اور معتبر وسیلہ ہے۔
لہٰذا ضروری ہے کہ قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کار ان دستیاب مواقعوں سے بھرپور استفادہ کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں ملاقات کے دوران یونائیٹڈ بزنس گروپ کے پیٹرن انچیف ایس ایم منیر کی قیادت میں کراچی بزنس کمیونٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. وفد سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ مسقبل قریب میں رونما ہونے والی معاشی اور تجارتی تبدیلیوں کے پیش نظر ہمیں۔
صوبے میں فنی وتیکنیکی اداروں کی فعالیت اور اپنی نئی نسل کو جدید مہارتیں سکھانے پر بھرپور توجہ مرکوز رکھنی ہوگی۔ اس ضمن میں پورے بلوچستان بالخصوص صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی سطح پر صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کا موثر کردار بہت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں میں اعلیٰ پایہ کے ماہرین ومحقیقین موجود ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اُنکے علم وتجربے سے بھرپور استفادہ کریں بزنس کمیونٹی اور اکیڈمیہ کو ایک دوسرے قریب لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔