کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش لیگ تھری کے کوئٹہ میں کامیاب انعقاد سے نہ صرف پاکستان بلکہ بلوچستان کا مثبت امیج پورے دنیا میں اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوا۔ کھلاڑی امن کے سفیر ہوتے ہیں ان کی کھیل کے میدان میں حوصلہ افزائی ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان انٹرنیشنل سکوائش لیگ تھری کی اختتامی تقریب کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں پارلیمنٹری سیکریٹری کیو ڈی اے و اربن پلاننگ محمد مبین خلجی، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹنٹ جنرل وسیم اشرف، آئی جی ایف سی ساوتھ میجر جنرل فیاض حسین شاہ، ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی، چیئرمین بلوچستان انٹرنیشنل سکواش لیگ پرنس آغا عمر احمد زئی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے اسکوائش لیگ میں حصہ لینے والے انٹرنیشنل سکواش پلیئرز کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے۔
امید کا اظہار کیا کہ غیر ملکی کھلاڑی ہمارے سفیر ہیں وہ دنیا بھر میں پاکستان اور خاص طور سے بلوچستان کے مثبت تشخص کو بھرپور اجاگر کریں گے۔ انٹرنیشنل اسکواش پلیئرز کے عمدہ کھیل سے بلوچستان کے نوجوان کھلاڑی اس گیم کی طرف راغب ہوں گے۔ انہوں نے چیرمین بی آئی ایس ایل تھری پرنس آغا عمر احمد زئی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو سالوں سے صوبے میں سکوائش کے فروغ کے لیے ان کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر محکمہ کھیل اور دیگر منتظمین کی کارکردگی کو بھی سراہا۔تقریب کے اختتام پر وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف نے انٹرنیشنل اور پاکستانی اسکواش کھلاڑیوں میں ٹرافی اور انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر وزیر اعلی کو کمانڈر سدرن کمانڈ نے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔