کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی میر علی مدد جتک،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ اور سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے ملتان میں پیپلزپارٹی کی یوم تاسیس اور پی ڈی ایم کے کامیاب جلسہ عام پر ملتان کی عوام اور سیاسی کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی عوامی جمہوری اور فلاحی ریاست،سابق صدرا ٓصف علی زرداری کی 18ویں آئینی ترمیم کے تحفظ کیلئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جدوجہد جاری رہے گا۔
آصفہ بھٹو زرداری کی ملتان جلسے میں جس انداز میں سیاست کاآغاز کیا وہ بے نظیر بھٹو شہید کی نقش قدم پر چل کر ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے کرداراداکریگی۔چور دروازے اور دھاندلی سے اقتدار میں آنے والی نیازی حکومت بری طرح ناکام ہو چکی ہے اس حکومت کی دو سالہ کار کردگی ملک کی تباہی اور تنزلی کی بدترین مثال ہے، اس سلیکٹڈ حکومت نے ملک کو پستی کی جانب دھکیل دیا ہے۔
گزشتہ روز ملتان میں کامیاب جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے حاجی میر علی مدد جتک،سید اقبال شاہ اور سردارسربلند جوگیزئی نے پیپلزپارٹی کے جیالوں اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے کارکنوں کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے نوجوان نسل کو نئے پاکستان کا جھانسہ دے کر گمراہ کیا گیا اور عوام سے کیئے گئے سب وعدے اور دعویبھی جھوٹے ثابت ہوئے،ملک میں مہنگائی آسمانوں سے باتیں کر رہی ہے۔
بے روزگاری کی شرح میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اس حکومت نے غریب عوام کا جینا دوبھر ہی نہیں بلکہ ناممکن کر دیا ہے۔ ایسے حالات میں لوگ خود کشیاں کر رہے ہیں، آج عوام ریاست مدینہ کی دعویدار نیازی حکومت سے مایوس ہو چکے ہیں،انہوں نے کہاکہ ملک کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خدمت پاکستان پیپلز پارٹی کا ایجنڈا ہے، یہی جماعت ملک و قوم کے مورال کی بلندی کیلئے فعال ہے، اپوزیشن میں ہونے کے باوجود اور وفاق کی طرف سے رکاوٹوں کے باوجود اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔
آج عوامی مسائل کے حل کیلئے صحیح قیادت کی اشد ضرورت ہے اور وہ بہترین قیادت بے نظیر بھٹو شہید کے فرزند ارجمند اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے بلاول بھٹو زرداری ہیں جو ملک و قوم کو اس مشکل ترین حالات اور پریشانی سے نکال سکتے ہیں۔
ریاست مدینہ بنانے والوں کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کمر توڑ مہنگائی کی وجہ سے گزشتہ روز بڑی تعداد میں سرکاری ملازمین کا تنخواہوں کے معاملے میں جلوس نکالنا بدترین مثال ہے۔حکومت اپوزیشن کے اتحاد سے گھبراہٹ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے ان شا اللہ یہ حکومت بہت جلد اپنے انجام کو پہنچنے والی ہے اس کا جانا نوشتہ دیوار بن چکا ہے۔