|

وقتِ اشاعت :   December 1 – 2020

کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی پارلیمانی وفد نے یہاں ملاقات کی، ملاقات کے دوران حکومتی معاملات، پارلیمانی امور،چمن میں حالیہ کشیدہ صورتحال،اسد خان اچکزئی کی بازیابی، پشتون بیلٹ کیلئے وفاق کی جانب سے پیکج کا اعلان،نئے ڈویژنزو اضلاع کے قیام سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیااورمختلف شعبوں کے مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

اے این پی کے پارلیمانی وفد نے وزیراعلی کوبتایاکہ نئے ڈویژنز اور اضلاع کے قیام سے ان علاقوں کے عوام کے مسائل میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ چمن واقعہ کے متاثرین کیلئے معاوضے کا اعلان کیا جائے اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے باقاعدہ کمیشن تشکیل دیا جائے۔ اس موقع پر وزیر اعلی جام کمال کا کہنا تھا کہ مخلوط صوبائی حکومت صوبے کے دیرینہ مسائل کے حل اور عوامی مشکلات کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے۔

اجلاس میں چمن میں کشیدہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیاگیا اوراس امر پر اتفاق کیا گیا کہ مخلوط صوبائی حکومت عوام کی امیدوں اور توقعات پر پورا اترنے کے لئے عوام دوست اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

وفد میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و صوبائی پارلیمانی لیڈراصغر خان اچکزئی، صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی، صوبائی مشیر ملک نعیم خان بازئی، رکن صوبائی اسمبلی شاہانہ کاکڑ، صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا، مرکزی نائب صدر ملک عثمان، رکن مرکزی کمیٹی عبدالمالک پانیزئی، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری رشید ناصر،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید باری آغا اورایڈوکیٹ امجد خان شامل تھے۔