اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے متنازعہ علاقوں میں جنگ بندی کی اپیل پر توجہ نہیں دی گئی، دو ایٹمی قوتوں کے مابین محاٖذ آرائی عالمی امن کیلئے خطرات کا باعث ہوگی۔
” بین الاقوامی آرڈر بعد از کورونا عالمی وبا”کے عنوان سے منعقدہ فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عالمی وبا کورونا کے باعث دنیا بھر میں 60 ملین سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں، پاکستان کو بھی کورونا وبا کے باعث بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، تاہم پاکستان نےحکمت عملی سے کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں کافی حد تک کامیابی حاصل کی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ دنیا اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار نہیں تھی، عالمی وبائی چیلنج دوسرے دور میں داخل ہو چکا ہے، کورونا عالمی وبا کے معاشی مضمرات بھی انتہائی شدید نوعیت کے ہیں، کورونا کے بعد تنازعات نے دوبارہ سے سر اٹھانا شروع کیا ہے، عالمی استحکام کو خطرات لاحق ہو رہے ہیں، تنازعات کے حل کیلئے بین الاریاستی سفارت کاری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
شاہ محمود کا مزید کہنا تھا کہ آج عدم برداشت، اسلاموفوبیا اور زائنو فوبیا کا رحجان بڑھتا دکھائی دے رہا ہے، سیاسی مقاصد کیلئے کسی خاص قوم یا نسل کو کرونا وبا کا ذمہ دار قرار دینا انتہائی غیر منصفانہ ہے۔