کوئٹہ: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری ،بی اے پی کے مرکزی رہنماو سینیٹر سرفرا ز بگٹی نے کہا ہے کہ قمربھٹی کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ بلوچ پشتون قبائلی روایات کے منافی ہے بلوچستان میں آباد اقلیتیں بھی صوبے کا حصہ ہیں جنہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا،پولیس فوری طور پر قمربھٹی کے ساتھ پیش آنے واقعے واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنائے۔
یہ بات انہوں نے بدھ کو بلوچستان مسیحی کمیونٹی کے ذیراہتمام نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں کوئٹہ میں قمربھٹی کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور وزیرداخلہ بلوچستان نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کے احکامات جاری کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قمر بھٹی کے واقعہ میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے تاکہ آئندہ کوئی بھی اس قسم کے واقعہ کی جرات نہ کرسکے۔ انہوں نے کہاکہ قمر بھٹی کے ساتھ جو سلوک روارکھا گیا اس کی نہ ہی اسلام اور نہ ہی ہمارا معاشرہ اجازت دیتا ہے۔
ایسے گھناونے عمل کے مرتکب ملزمان کو معاشرے کے سامنے لانا ہوگا۔انہو ں نے کہا کہ وہ قمر بھٹی کے ساتھ ہیں اورانہیں انصاف دلاکر ہی دم لیں گے۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہاکہ آئی جی پولیس قمربھٹی کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ میں ملوث ملزمان کی 48گھنٹے میں گرفتاری کو یقینی بنائیں۔