کوئٹہ: پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ کوویڈ سمیت صحت عامہ سے متعلق شعوری آگاہی کے لئے میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے محکمہ صحت میں جاری اصلاحات کو بار آور بنانے کے لیے میڈیا مثبت تجاویز دے تاکہ بہتری کے لیے تشکیل دی جانے والی ہیلتھ پالیسز کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جاسکے ان خیالات کا اظہار انہوں صدر کوئٹہ پریس کلب رضاالرحمن سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر صدر پریس کلب نے پارلیمانی سیکرٹری صحت کو میڈیا اکیڈمی صحافیوں کو درپیش مسائل اور کوویڈ کے دوران بلوچستان میں میڈیا کے رضا کارانہ کردار سے متعلق آگاہ کیا پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے شعوری آگاہی سے متعلق میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے۔
کہا کہ کوویڈ ایس او پیز کی موثر و وسیع پیمانے پر بروقت ترویج اس مہلک وباء کی روک تھام کے لئے خاصی معاون ثابت ہوئی اور کوورونا کی عالمی تباہ کاریوں کے قطع نظر بلوچستان اور پاکستان میں انسانی جانوں کے ضیاع کا تناسب ترقی یافتہ اور مضبوط ہیلتھ اسٹریکچر کے حامل ممالک کی نسبت کم ہوا۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں کے مسائل چند سالوں میں درست نہیں کئے جاسکتے تاہم ہماری حتی الامکان کوشش ہوگی کہ بہتری کے لیے درست سمت کا تعین کردیا جائے اور ایسی موثر قانون سازی اور پالیسز دی جائیں جس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں اس ضمن میں تمام اسٹیک ہولڈرز اور میڈیا کی تجاویز کو خوش آمدید کہا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان صحت کے شعبے میں بہتری کا واضع وڑن رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار ہیلتھ کئیر کمیشن کے لئے موثر قانون سازی کی گئی ہے صدر کوئٹہ پریس کلب رضاالرحمن نے پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کو پریس کلب دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے پہلی فرصت میں پریس کلب کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔