|

وقتِ اشاعت :   December 2 – 2020

کوئٹہ: ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر نے خطرناک صورتحال اختیار کرلی بلوچستان حکومت ایس او پیز کی پاسداری یقینی بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے،بلوچستان حکومت ایس او پیز کے حوالے سے ہفتہ آگاہی منا رہی ہے ۔یہ بات انہوں نے بدھ کو آفیسرز کلب کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کورانا کی دوسری لہر نے شدت اختیار کر لی ہے ۔

وفاقی حکومت اور این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق بلوچستان میں بھی کورونا کے تدارک کے لئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیںانہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میںبتدریج یومیہ 3 ہزار کورونا کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیںکورونا کی خطرناک صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے بلوچستان حکومت این سی او سی کے جاری کردہ ایس او پیز کی پاسداری کر رہی ہے ۔

بلوچستان حکومت ایس او پیز کے حوالے سے ہفتہ آگاہی منا رہی ہے لیاقت شاہوانی نے کہا کہ اس وقت کوئٹہ کے فاطمہ جناح چیسٹ اینڈ جنرل ہسپتال اور شیخ خلیفہ بن زید ہسپتال میں کورونا کے 57مریض زیر علاج ہیں جبکہ انہی ہسپتالوں میں 28 مریضوں کو وینٹیلیٹر پر رکھا گیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے تدارک کے ساتھ ساتھ انسداد پولیو مہم بھی چلائی جا رہی ہے 30 نومبر سے شروع ہونے والی 5 روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران 25 لاکھ سے زاہد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔