کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن(ر)فضیل اصغر کی زیر صدارت کرونا وائرس کی روک تھام اور محکمہ صحت میں بہتری کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومت کی طرف سے دیے گئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا اور صوبے کے ہسپتالوں میں صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا. اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حافظ عبدالباسط، سیکرٹری صحت نورالحق بلوچ، سپیشل سیکرٹری صحت محمد حیات کاکڑ۔
بی سی او سی کا تھنک ٹینک، ڈویژنل کمشنرز بذریعہ وڈیولنک اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ چیف سیکریڑی نے اجلاس کے شرکائسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کا دوسری لہر خطرناک ہے اور اگر لوگوں نے اس بیماری کو سنجیدہ نہیں لیا تو بڑی تباہی کا باعث بن سکتی ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس کی روک تھام اور ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام متعلقہ ادارے تمام طبقات اور مکاتب فکر ملکر درپیش صورتحال سے احسن طریقے سے نمٹنے میں اپنا فعال اور متحرک کردار ادا کریں کیونکہ یہ صرف ایک صوبے کا نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے۔اس صورتحال میں عام لوگوں میں ماسک پہننے کے بارے میں آگاہی پیدا کی جائے۔انہوں نے شادی ہالز میں پیک کھانا، شاپنگ مالز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں لوگوں کو ماسک پہننے پر سختی سے عملدرآمد کی بھی ہدایت کی۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت محکمہ صحت میں بہتری لانے کی بھی خواہشمند ہے انہوں نے اس سلسلے میں سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ ایک کمیٹی بنائی جائے جس میں وہ محکمہ میں بہتری لانے کیلیے تجاویز پیش کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلیے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی تعمیر ومرمت کیساتھ ساتھ ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔